قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ اسلامی بیداری کی لہر کو دبانے کی دشمن کی کوششوں کا مقابلہ عوام کی باہمی ہمدلی سے کیا جا سکتا ہےـ
قائد انقلاب اسلامی نے پیر کے روز تہران میں ادارہ حج کے عہدیداروں سے ملاقات میں حج کو امت مسلمہ سے رابطہ قائم کرنے اور روحانی فائدہ اٹھانے کا گراں بہا اور بیش قیمت موقعہ قرار دیاـ قائد انقلاب اسلامی نے حج کے مناسک کے دوران اسلامی بیداری کی لہر کا سد باب کرنے اور نفاق ڈالنے کے دشمن کے عزائم کا حوالہ دیا اور فرمایا کہ اس سازش پر قابو پانے کا واحد راستہ دلوں کو قریب لانا اور ہمدلی کو تقویت پہنچانا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے حج کو اسلام کے اہم رموز کا جز اور عظیم ضیافت الہی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ حج کے عمومی اور بین الاقوامی پہلو کے تحت قومیتی، مسلکی اور مذہبی فرق کو نظر انداز کرتے ہوئے اسلامی رشتے کی تقویت اور آپسی ہمدلی پر سنجیدگی سے توجہ دینا چاہئے اور اس موقعے کو دلوں کی باہمی قربت کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تمام مسلمان ایک پیکر عظیم کے اعضاء ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ ایرانی حجاج کرام کو چاہئے کہ اس وسعت نظر اور عالمی نقطہ نظر کے ساتھ حج سے مشرف ہوں اور سامراج سے جہاد کے اپنے تیس سالہ تجربات سے انقلابی اقوام کو روشناس کرائيں۔