قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج بارہ اسفند مطابق دو مارچ کو نویں پارلیمانی انتخابات کے لئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے حسب معمول علی الصبح تہران کے حسینیہ امام خمینی میں پولنگ بوتھ پر جاکر ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد قائد انقلاب اسلامی نے نویں پارلیمنٹ کے انتخابات کو مختلف پہلوؤں سے انتہائی اہم قرار دیا اور عوام سے سفارش کی کہ انتخابات میں ضرور شرکت کریں، اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور صبح سویرے خالص نیت کے ساتھ اپنا ووٹ ڈالیں تا کہ ان کا یہ عمل پروردگار عالم کے نزدیک زیادہ بافضیلت قرار پائے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تہران کے عوام کو تیس امیدواروں کو ووٹ دینے کی سفارش کی اور فرمایا کہ انتخابات ہمیشہ ہی ملت ایران اور اسلامی نظام کے لئے اہم اور فیصلہ کن رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ میں تہران کی تیس سیٹیں ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران میں انتخابات ملک کے حقائق کا آئینہ ہونے کے ساتھ ہی دوستوں اور دشمنوں کے لئے الگ الگ پیغامات کے حامل ہیں بنابریں ان کی اہمیت اور بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ تینتیس برسوں میں نظر آنے والے ملت ایران کے عزم راسخ اور راہ مستقیم پر جاری پیش قدمی کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا اور فرمایا کہ دیگر انقلابوں میں لوگ کچھ سال گزر جانے کے بعد تھک گئے اور انہوں نے اپنا راستہ تبدیل کر لیا لیکن آج کے انتخابات سے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے تینتیس سال پورے ہو جانے کے بعد بھی عظیم الشان ملت ایران اسی طرح پرعزم اور پرجوش انداز میں اپنے افتخار آمیز راستے پر گامزن ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے نویں پارلیمانی انتخابات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلامی جمہوریہ کے خلاف استکباری طاقتوں کی ہنگامہ آرائی کا حوالہ دیا اور فرمایا کہ دنیا کی جابر قوتیں جو بار بار شکست کھاتی رہی ہیں اور جنہیں طمانچے پڑتے رہے ہیں ایران کے خلاف پابندیوں کا ہنگامہ کھڑا کرکے اور لفظی دھمکیوں سے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے کوشاں ہیں بنابریں اس دفعہ کے انتخابات کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ملت ایران انتخابات میں اپنی پرجوش شرکت سے اپنا جواب اور اپنا موقف بہترین انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرے گی۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انتخابات میں عوام کی شرکت جتنی زیادہ وسیع اور پرجوش ہوگی ملت ایران اور وطن عزیز کے عز و وقار اور تحفظ و سلامتی کے لئے اتنی ہی موثر اور مفید ہوگی۔
قائد انقلاب اسلامی نے ذرائع ابلاغ کے نامہ نگاروں کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا جو عوام الناس کو انتخابات کی اہمیت سے روشناس کرانے میں موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح آپ نے تمام انتخابی عہدیداروں اور اہلکاروں کی قدردانی کی۔