قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل تیرہ مارچ 2012 کو ادارہ اوقاف کے سرپرست، ادارے میں قائد انقلاب اسلامی کے نمائندے اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات میں اس ادارے کو ممتاز دینی ادارہ قرار دیا اور فرمایا کہ لوگوں کو وقف کی ترغیب دلا کر اور وقف کی جانے والی اشیاء کے سلسلے میں وقف کنندہ کے مقاصد کی بحسن و خوبی تکمیل کے ذریعے معاشرے میں وقف کی سنت کو زیادہ سے زیادہ رائج کرنا چاہئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وقف میں سب سے اہم مسئلہ دیانتداری کے ساتھ وقف کے استعمال کا ہے۔ آپ نے وقف کے دائرے کو بہت وسیع قرار دیا اور فرمایا کہ بہت سے میدانوں میں وقف کی ترویج ہو سکتی ہے منجملہ طبی، تعلیمی، تحقیقاتی و سائنسی، ماحولیاتی شعبوں اور عصری تقاضوں کے مطابق دین کی تبلیغ جیسے میدانوں میں وقف کی ترویج کی جا سکتی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تمام شعبوں میں عہدیداروں کی اپنے ادارے پر مکمل نگرانی کو لازمی قرار دیا اور فرمایا کہ اس نگرانی کا مقصد یہ ہے کہ تمام شعبوں اور خاص طور پر وقف سے متعلق امور میں فرائض پر بخوبی عمل کیا جائے اور خدا نخواستہ غفلتوں یا لغزشوں کی وجہ سے کام ادھورے نہ رہ جائيں۔