پہلی رجب اور خرم شہر کی آزادی کی تاریخ تین خرداد کے موقعے پر آج امام حسین علیہ السلام کیڈٹ یونیورسٹی میں قائد انقلاب اسلامی کی موجودگی میں کیڈٹس کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرنے کے لئے قائد انقلاب اسلامی جب امام حسین علیہ السلام کیڈٹس یونیورسٹی پہنچے تو آپ سب سے پہلے شہداء کی یادگار کے قریب گئے اور وہاں فاتحہ خوانی کی اور دفاع وطن کے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے اس کے بعد کیمپس کے میدان میں موجود دستوں کا معائنہ کیا۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملت ایران کے روز افزوں عز و وقار کو اطاعت الہی کے راستے میں ملت ایران کی استقامت و پائیداری کا ثمرہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ ہمیشہ پیش گام رہنے والی ملت ایران ترقی و انصاف کے عشرے میں مزید ترقیاں حاصل کرنے اور انصاف کے قیام کی جانب اپنی تیز رفتار پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ ظلم و استکبار اور استبداد کا محاذ ظاہری اکڑفوں کے برخلاف حقیقت میں مضمحل اور منتشر ہوتا جا رہا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ ایرانی عوام مستقبل کے تئیں پرامید ہیں اور روشن مستقبل کے آثار نمایاں ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ سربلند نوجوان کہ یہ ملک جن کی ملکیت ہے ملت ایران کے اس ترقی کے عمل کو مزید سرعت کے ساتھ آگے بڑھائيں تاکہ امت مسلمہ کی سربلندی کا ہدف پورا ہو جائے۔ قائد انقلاب اسلامی کے مطابق گزشتہ نسل کی مجاہدت و جفاکشی کے نتیجے میں ملت ایران کے لئے سعادت و کامرانی کی جانب پیشرفت کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔ تاہم راستے کے ہموار ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی سختی اور زحمت باقی نہیں رہ گئی ہے بلکہ اس عمل کے جاری رہنے کے لئے پائیداری و استقامت کا سلسلہ قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے مسلح فورسز منجملہ پاسداران انقلاب فورس، رضاکار فورس اور مسلح افواج کی استقامت کی قدردانی کی اور فرمایا کہ مسلح فورسز نے مقدس دفاع کے برسوں میں بڑے گراں قدر تجربات کئے جن سے ہمیشہ استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ یہ تجربات مستقبل کے لئے مشعل راہ ہیں۔
اس تقریب میں پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل جعفری نے پاسداران انقلاب فورس اور رضاکار فورس کی مکمل آمادگی کی رپورٹ پیش کی اور مسلح فورسز کی دفاعی توانائیوں میں اضافے کے لئے ترتیب دئے جانے والے تربیتی پروگراموں کی تفصیلات بتائیں۔
امام حسین علیہ السلام کیڈٹ یونیورسٹی کے سربراہ ایڈمرل مرتضی صفاری نے بھی یونیورسٹی کے علمی، تربیتی اور دفاعی پروگراموں کی رپورٹ پیش کی۔
تقریب کے اختتام پر میدان میں حاضر دستوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی۔