سوڈان کے صدر عمر البشیر نے بھی اپنے وفد کے ساتھ قائد انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے اہم مسائل میں اسلامی و علاقائی ممالک کے سرگرم کردار کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ ناوابستہ تحریک میں اس بات کی بڑی اچھی گنجائش ہے کہ اسلامی اور خود مختار ممالک علاقائی مسائل منجملہ مسئلہ فلسطین اور شام کے سلسلے میں اپنی جدت عملی اور موثر توانائیوں کا مظاہرہ کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے دشمنوں کی سازشوں کی طرف سے مسلم اقوام کی ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ حالات کی تشخیص اور تجزئے میں یہ احتیاط ضروری ہے کہ کہیں اندازے کی غلطی نہ ہو جائے۔
اس ملاقات میں سوڈان کے صدر عمر البشیر نے ناوابستہ تحریک کے تہران اجلاس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلسطین اور شام کے مسائل کو علاقے کے اہم ترین اور باعث تشویش مسائل میں قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل کے تصفئے کے لئے ناوابستہ تحریک کے وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔