قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سنیچر 16 مارچ 2013 کو نوروز کے سفر کے دوران عوام کو خدمات بہم پہنچانے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات میں نوروز کی تعطیلات کے ایام میں عوام کو خدمات بہم پہنچانے والے اداروں اور مراکز کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ تمام اداروں کے حکام کو باہمی تعاون کے ساتھ نوروز کے سفر کے دوران حوادث کو کمترین سطح تک پہنچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

قائد انقلاب اسلامی نے عید نوروز کی تعطیلات کے دوران عوام کی خدمت کے اجر و ثواب کو سال کی دیگر مناسبتوں سے بالا تر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ تمام خدمات اللہ تعالی کے پاس محفوظ ہیں اور ان پر حساب و کتاب مرتب ہوگا۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اللہ تعالی شاکر اور علیم ہے اور وہ عید کی تعطیلات کے ایام میں عوام کی خدمت میں پیش آنے والی سختیوں اور زحمتوں سے آگاہ اور آشنا ہے اور یقینی طور پر وہ ان نیکیوں پر اپنے بندوں کا شکر ادا کرےگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ان خاندانوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن سے تعلق رکھنے والے افراد امدادی اداروں میں مصروف کار ہیں اور نوروز کی تعطیلات کے ایام میں عوام کو خدمات بہم پہنچانے کی غرض سے اپنےخاندان سے دور ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے نوروز کے ایام میں سفر کے دوران پیش آنے والے حوادث کے بارے میں اپنے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ سفر کے سلسلے میں مؤثر تمام اداروں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو چاہئے کہ وہ حوادث کو کمترین سطح تک پہنچانے کی سعی و کوشش کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عوام اور مسافروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ قوانین اور ضوابط کی زيادہ سے زيادہ پابندی کریں تاکہ خدانخواستہ خوشی کے ان ایام میں انہیں کوئي ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ عید نوروز اور تعطیلات کے ایام ایرانی عوام کے لئے خوشی، شادمانی اور مسرت کا باعث قرار پائیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل ڈائریکٹر جنرل پولیس احمدی مقدم نے پولیس کی طرف سے نوروز کے ایام کے لئے کئے گئے اقدامات اور ٹریفک کے حوادث میں کمی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے ہمہ گیر تعلیم اور سماجی انضباط، جدید ٹیکنالوجی اور ٹریفک کنٹرول کے اسمارٹ نظام سے استفادے، ٹریفک کے نئے قانون کی منظوری اور نفاذ، حوادث میں زخمی اور متاثرہ افراد کو امداد رسانی میں سرعت کو گذشتہ برسوں میں ٹریفک حوادث میں کمی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی بنانے والی کمپنیوں کو بھی چاہئے کہ وہ معیاری اور اسٹینڈرڈ کے مطابق گاڑیاں بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔