ملیشیا میں ووشو کے بین الاقوامی مقابلوں میں چیمپین شپ جیتنے والی ایران کے کرمانشاہ علاقے کی ایتھلیٹ مریم ہاشمی نے پیر کے روز قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی اور اپنا گولڈ میڈل قائد انقلاب کی خدمت میں پیش کیا۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ووشو کی چیمپین مریم ہاشمی سے کہا کہ آپ نے مسلمان ایرانی خاتون کی شناخت اور شخصیت کا مظاہرہ کرکے یہ ثابت کر دیا کہ کھیل کے میدانوں میں بھی ایک مسلمان خاتون دینی اصولوں اور حجاب کی پابندی کرتے ہوئے پروقار اور عزت آفریں شراکت کر سکتی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے خاتون ایتھلیٹ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کے آشکارا دفاع کو ان کے لئے ایک اہم افتخار قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے خلاف دشمنوں کی نفسیاتی جنگ کا ایک دائمی حربہ اس دعوے کی ترویج ہے کہ مختلف شعبوں میں ممتاز صلاحیتیں رکھنے والی ایرانی شخصیات کے اسلامی جمہوری نظام سے رشتے اچھے نہیں ہیں لیکن آپ نے ایک بین الاقوامی اسٹیج سے اسلامی جمہوریہ سے اپنے گہرے ربط اور وابستگی کا اعلان کیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے کھیل کے عالمی مقابلوں میں ایرانی کھلاڑیوں کی شرکت کو بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ میں آپ جیسے نوجوانوں کے وجود پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔