ایران میں مدارس اور اسکولوں کی تعمیر کے کام میں مصروف خیر برادری کی انتظامی کمیٹی کے ارکان نے قائد انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ہفتے کے روز شام کے وقت تہران میں قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے بین الاقوامی کانفرنس ہال میں مدارس اور اسکولوں کی تعمیر کروانے والے خیر افراد کی صوبہ تہران کی سطح کی کانفرنس ہوئی جس میں قائد انقلاب اسلامی کی اس گفتگو کی ویڈیو دکھائي گئی جو آپ نے پانچ مئی 2014 کو ایران میں اسکول اور مدارس کی تعمیر میں مصرف نیکوکار افراد سے ملاقات میں کی۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنی اس گفتگو میں ملک کے اندر مدارس اور اسکولوں کی تعمیر کروانے والی نیکوکار افراد کی ایک جماعت کی موجودگی کو اسلامی انقلاب کی برکت کا نام دیا اور فلاحی کاموں میں شرکت کے سلسلے میں عوام کے اندر پائے جانے والے اشتیاق کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ انتہائي اہم نکتہ ہے کہ خدمت اور نیکوکاری کے جذبے کے ساتھ عوام جہاں بھی ضرورت محسوس کرتے ہیں شراکت اور تعاون میں ذرہ برابر دریغ نہیں کرتے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جہاں بھی ہم نے کسی عمل کی اچھائی اور کسی راستے کی درستگی کو ثابت کر دیا، مطالبہ کئے بغیر ہی عوام اس میں شرکت کے لئے آگے آئے اور اس کی واضح مثال کے طور پر مقدس دفاع کے دور کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔ قائد انقلاب سلامی نے فرمایا کہ مدارس اور اسکولوں کی تعمیر پر عوام کی یہ توجہ بچوں کی تعلیم کی اہمیت و افادیت کے درست ادراک اور احساس کا شاخسانہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ جب بھی ملک کے اعلی حکام نے کوئی معاملہ عوام کے سپرد کیا وہ کامیابی کے ساتھ انجام پایا اور اس میں پیشرفت حاصل ہوئی۔ آپ نے فرمایا کہ یہ قیمتی تجربہ ہے کہ جب کوئی بھی کام عوام کی لا متناہی توانائیوں کے سپرد کر دیا گیا تو اس میں یقینی طور پر پیشرفت ہوئی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے اسکولوں اور مدارس کی تعمیر کے نیک کام کے سلسلے میں تین اہم سفارشات کیں۔ سب سے پہلی سفارش یہ تھی کہ جو افراد اسکولوں اور مدارس کی تعمیر کے نیک کام میں مصروف ہیں، وہ اپنے اس عمل کو ثواب جاریہ کے طور پر شوق و رغبت کے ساتھ جاری رکھیں۔ آپ کی دوسری سفارش ذرائع ابلاغ بالخصوص قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے لئے تھی کہ اس انتہائی اہم عمل کو عوام الناس کے سامنے بنحو احسن پیش کیا جائے۔ قائد انقلاب اسلامی کی تیسری سفارش یہ تھی کہ مدارس اور اسکولوں کی تعمیر کرنے والے نیکوکار افراد کے ساتھ وزارت تعلیم و تربیت کے بھرپور تعاون کی ضرورت سے متعلق تھی۔ آپ نے فرمایا کہ مدارس کی عمارتوں کو مستحکم بنایا جانا چاہئے۔