آٹھ سالہ جنگ کے دوران دفاع وطن میں زخمی ہوکر معذور ہو جانے والے 'جانبازوں' سے ملاقات کے لئے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے چار ٹیمیں بھیجیں۔ قمر بنی ہاشم حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کو ایران میں منائے جانے والے 'یوم جانباز' کی مناسبت سے جانبازوں سے ملاقات کے لئے بنائی جانے والی ان ٹیموں نے تہران میں جانبازوں کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور ان کی عدیم المثال قربانیوں کی قدردانی کی۔
حجت الاسلام شہیدی محلاتی، حجت الاسلام تقوی، حجت الاسلام قمی، اور حجت الاسلام علی اکبری نے قائد انقلاب اسلامی کی نمائندگی میں جانبازوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے حالات، علاج معالجے کی صورت حال اور دیگر مسائل کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقعے پر جانبازوں کی شجاعت و استقامت اور صبر و جانفشانی کی قدردانی کی گئی۔
قائد انقلاب اسلامی کی نمائند ٹیموں نے دار الحکومت تہران اور مختلف صوبوں کے مرکزی شہروں میں جاکر جانبازوں سے یہ ملاقاتیں کی ہیں جبکہ ملک بھر میں ائمہ جمعہ نے بھی ولی امر مسلمین کی نمائندگی میں جانبازوں کے گھر جاکر ان کی خبر گیری کی۔