قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتے کی صبح حسینیہ امام خمینی میں نینو ٹیکنالوجی کے میدان میں ایران کی پیشرفت اور متعلقہ مصنوعات کی نمائش کا معائنہ کیا۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس معائنے میں نینو اور بایو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملک کے نوجوان سائنسدانوں، موجدین اور محققین کی سائنسی ترقی و پیشرفت اور کوششوں کے نتائج کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
اس معائنے کے دوران کہ جس میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر ستاری بھی آپ کے ہمراہ موجود تھے، نینو مواد، ادویات اور علاج معالجے، ٹیکسٹائل، زراعت، پانی کی صنعت اور بجلی گھروں، عمارتوں، تیل، توانائی اور گاڑیوں کی صنعتوں کے شعبوں میں استعمال ہونے والے نینو ٹیکنالوجی کے آلات اور ملک کے محققین کی تازہ ترین مصنوعات اور ایجادات کو پیش کیا گیا ہے -
اس معائنے کے موقع پر نمائش کے منتظمین نے ان مصنوعات اور آلات کے بارے میں تفصیلات بیان کیں-
قائد انقلاب اسلامی نے اس معائنے کے بعد سائنسدانوں، محققین اور اساتذہ کے درمیان گفتگو کرتے ہوئے ترقی و پیشرفت کے اسباب و عوامل کے تحفظ کو ترقی و پیشرفت کا سلسلہ جاری رہنے کا لازمہ قرار دیا- آپ نے سائنسی ترقی خاص طور پر نینو ٹکنالوجی میں ترقی و پیشرفت کے اسباب و عوامل کو بیان کیا-
قائد انقلاب اسلامی نے بہترین اور ممتاز استعداد و توانائی کی شناخت اور اسے پروان چڑھانے کے مقصد سے صحیح منصوبہ بندی، مینجمنٹ میں ثبات و استحکام اورتبادلہ خیال کی ترویج کو نینو صنعت کی ترقی و پیشرفت کے تحفظ کا ذریعہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ ترقی و پیشرفت جاری رہنے کی ایک اور اہم شرط یہ ہے کہ ہرگز اجازت نہ دیجئے کہ سیاسی محرکات سائنسی و تحقیقاتی فضاؤں پر اثر انداز ہوں-
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے موجودہ پوزیشن اور اب تک حاصل ہونے والی پیشرفت پر اکتفاء نہ کرنے اور اس پر مطمئن ہوکر بیٹھ نہ جانے کو بھی تیز رفتار علمی پیشرفت کا سلسلہ جاری رہنے کی لازمی شرط قرار دیا اور فرمایا کہ بیشک آج ایرانی نوجوانوں کی استعداد و صلاحیت کی سطح اور ملک کی سائنسی پیشرفت کی رفتار دنیا کی اوسط رفتار سے زیادہ ہے، چنانچہ ایران نینو ٹکنالوجی کے میدان میں دنیا میں ساتویں مقام پر ہے، مگر سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں چونکہ ملک ماضی میں کافی پسماندگی سے دوچار رہ چکا ہے لہذا روز بروز پہلے سے زیادہ تیز رفتاری سے علمی پیشرفت کا سلسلہ آگے بڑھنا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے اس موقع پر ایرانی قوم کی سیاسی، سماجی اور فکری خودمختاری کی بنا پر ملت ایران کے خلاف سرکش سامراجی طاقتوں کی دشمنی کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا کہ یہ دشمنی مختلف میدانوں میں جاری ہے، اس لئے ہمیں لازمی و ضروری توانائی کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنا اور خود کو روز بروز زیادہ سے زیادہ مستحکم بنانا ہوگا۔
قائد انقلاب اسلامی نے تاکید فرمائی کے نینو ٹکنالوجی کے شعبے کی ایجادات اور نئی مصنوعات کی تجارتی سطح پر پیداوار کرنے، اس کی مارکیٹنگ اور اس کے ذریعے سرمائے کی پیداوار پر توجہ دی جانی چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے نینو ٹکنالوجی کے شعبے کے لئے دیگر ملکوں میں مختص کئے جانے والے بجٹ اور ایران میں اس شعبے کو ملنے والے حکومتی بجٹ کے فرق کو ظاہر کرنے والی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے سائنس و ٹکنالوجی کے نائب صدر جناب ستاری کو مخاطب کرکے فرمایا کہ اس موضوع پر اور زیادہ توجہ دی جانی چاہئے۔