رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای اتوار کی شب شہید حسین ہمدانی کے گھر گئے اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات میں اس عظیم کمانڈر کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے پر خطر میدانوں میں شہید ہمدانی کے جہاد و اخلاص عمل کا ذکر کرتے ہوئے اس قابل رشک انجام کو راہ حق کے مجاہدین کے دیرینہ آرزو قرار دیا اور فرمایا کہ اللہ تعالی نے اپنے مخلص بندوں کے لئے شہادت کا دروازہ کھلا رکھا ہے، چنانچہ اگر شہید ہمدانی جیسے مجاہدین اور نمونہ انسانوں کی راہ شہادت کے علاوہ کسی اور راستے میں موت واقع ہو تو افسوس کی بات ہوگی۔
رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے تہران مین شہید ہمدانی کی پرشکوہ تشییع جنازہ اور پھر ہمدان میں بھی ان کے کم نظیر جلوس جنازہ کو اس عظیم شہید کے اخلاص عمل پر جزائے پروردگار کی ایک جھلک قرار دیا اور فرمایا کہ یہ حیرت انگیز شرکت اس شہید کے جذبہ و اخلاص عمل کا نتیجہ تھی، اور در حقیقت ہمدان کے عوام کے لئے بھی یہ ایک عظیم نعمت اور اپنے انقلابی جذبات اور شہادت پسندانہ احساسات کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے شہید ہمدانی کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ کے صبر و شکر کی قدردانی کی اور شہدا کے ثواب میں ان کے اہل خانہ کے بھی شریک ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں سلسلہ شہادت کا جاری رہنا اور اس عظیم نعمت کی روز افزوں رونق اور پاکیزگی اسی صبر و شکر کا ثمرہ ہے اور ہم اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ ہمارے اس عزیز شہید کو پیغمبر اکرم اور اپنے اولیائے کرام کے ساتھ محشور فرمائے اور شہید کے اہل خانہ کو اپنے الطاف و برکات کے سائے میں رکھے۔