تہران میں حسینیہ امام خمینی میں جمعے کی شب ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے تیسری مجلس ہوئی جس میں حسب معمول رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای اور دیگر فوجی و سول حکام اور ہزاروں کی تعداد میں عاشقان عترت رسول نے شرکت کی۔
حجت الاسلام و المسلمین عالی نے مجلس پڑھی اور صدیقہ کبری سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب بیان کرتے ہوئے کہا کہ روایتوں کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ائمہ معصومین علیہم السلام پے فیض و حجت خداوندی کے نزول کا ذریعہ اور واسطہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذمہ داری امت اور امامت کے درمیان رابطہ مستحکم کرنا تھا تاکہ انسانی معاشرے کی توانائیاں ولایت خداوندی کے راستے میں استعمال کی جائیں اور انسانیت کے نمو و ارتقاء کا راستہ ہموار ہو۔ حجت الاسلام و المسلمین عالی نے اپنی مجلس میں کہا کہ اگر امامت و ولایت کے تعلق سے معاشرہ اپنے عہد و میثاق پر عمل کرے تو ارتقائی منزلیں طے کرتا ہوا تکامل کی بلندی پر پہنچے گا اور پھر رفعتیں حاصل کرنے والا یہ معاشرہ حضرت امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی تابندگی کا نظارہ کرنے کے قابل بنے گا۔
مجلس میں جناب کریمی نے رثائی کلام پیش کیا۔ حسینیہ امام خمینی میں پیر کی شب تک ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام علیہا کی مناسبت سے مجالس کا سلسلہ جاری رہے گا۔