بسم‌ الله‌ الرّحمن‌ الرّحيم‌

یوم شجرکاری جو ملک میں رائج ہو گیا ہے اسلامی جمہوریہ کی انتہائی با برکت مناسبتوں میں شمار ہوتا ہے۔ کیونکہ ملک کے لئے، زندگی کے لئے، انسانوں کے لئے سانس لینے کے لئے درختوں اور گل و گیاہ کی حیاتی اہمیت ہے۔ بد قسمتی سے ان طویل برسوں میں درخت اور شجرکاری سے بے اعتنائی برتی گئی۔ تاہم اب عوام الناس بھی اور حکام بھی درخت اور ماحولیات پر باقاعدہ توجہ دے رہے ہیں لیکن اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ سعی و کوشش کی ضرورت کا احساس ہوتا ہے۔ میرے خیال میں اس مہم کا بڑا اور اہم حصہ عوام الناس کے دوش پر ہے، جنگلات کا تحفظ، چراگاہوں کی نگہداشت، زرخیز زمینوں کی دیکھ بھال اور باغات کی حفاظت ( یہ سب عوام کے ہاتھوں انجام پانے والے کام ہیں۔)
مثال کے طور پر ہم نے ایک درخت لگا دیا اور ملکی سطح پر عوام الناس نے بھی بہت بڑی تعداد میں درخت لگائے، تو اب ہمیں اس کا بھی خاص خیال رکھنا ہوگا کہ جو درخت موجود ہیں ان کی حفاظت کی جائے، یہ بہت اہم کام ہے۔ بد قسمتی سے کبھی کبھی یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ ہمارے پاس جو کچھ موجود ہے اس کے سلسلے میں بے توجہی برتی جا رہی ہے۔ درختوں کو کاٹا جا رہا ہے، باغات اجڑتے جا رہے ہیں۔ ان مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہم امید کرتے ہیں ہمارے ملک کے اندر گل و گیاہ اور سبزہ و باغات سے دلچسپی عوام الناس کی دلچسپی میں روز افزوں اضافہ ہوگا۔
اللہ آپ سب کی حفاظت فرمائے۔