رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی خامنہ ای حفظکم اللہ

سلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

پرخلوص درود و سلام کے بعد عرض ہے

تحریک حماس کی سطح پر ہمارے لئے خوش آئندہ ہے کہ ماہ رمضان کے ان مبارک اختتامی ایام میں جناب عالی کی خدمت میں اپنا پرخلوص درود و سلام پیش کریں۔ اللہ تعالی سے ہماری التجا ہے کہ اس عظیم مہینے اور عید سعید فطر کو ایک بار پھر خیر و برکت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران، وہاں کے عظیم الشان عوام اور مسلم امہ کے لئے واپس لائے کہ وہ دعاؤں کو سننے اور قبول کرنے والا ہے۔

جناب عالی بخوبی واقف ہیں کہ قدس اور وہاں کے باسیوں کے خلاف صیہونیوں کے حملے اور جارحیت منجملہ اسے یہودی علاقے میں تبدیل کرنے، بستیوں کی تعمیر، فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، نسلی صفایا، باب العمود اور شیخ جراح علاقوں پر  حملے، نیز مسجد الاقصی اور وہاں اعتکاف کرنے والوں پر حملے، اس مبارک مسجد پر یلغار اور وہاں نماز ادا کرنے والوں کے ساتھ زدو کوب، اس کے دروازوں کو بند کر دینا، نماز ادا کرنے کے لئے اس کے اندر جانے والے فلسطینیوں کو روکنا، یہ سب جاری ہے۔ یہ سب غاصب حکومت کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیر کو قانونی حیثیت دلانے، فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے، ان کی املاک و مکانات کو ہڑپنے، مسجد الاقصی کے استعمال کو وقت اور جگہ کی بنیاد پر تقسیم کرنے، اس جگہ کی موجودہ پوزیشن کو تبدیل کرنے کی صیہونی حکام کی کوشش کا حصہ ہے۔ یہ نئی مجرمانہ حرکت ہے جس نے تمام ریڈ لائنوں کو پامال کر دیا ہے، مسلم امہ کے جذبات و احساسات کو مجروح  کیا ہے، شہر قدس، اس کی اسلامی تاریخ اور وہاں کے باسیوں کی بقا، رزق و روزی، مستقبل اور قانونی حقوق کو نشانہ بنایا ہے۔ اسی طرح براہ راست مسجد الاقصی مبارک اور اس کے محافظوں کو اپنی زد پر لیا ہے۔

ہم تحریک حماس کی سطح پر ماہ رمضان میں دشمن صیہونیوں کے جرائم و جارحیت کے مقابلے میں اور قدس و مسجد الاقصی کے خطرناک اور کشیدہ حالات نیز اس کے خطرناک عواقب و نتائج کے سلسلے میں خبردار کرتے ہیں۔ ہم ان جرائم کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کئے جانے اور اسلامی ممالک کی پالیسیوں اور عرب، اسلامی اور بین الاقوامی سفارت کاری کو متحد کرکے صیہونی حکومت کو ملت فلسطین، اس کی سرزمین اور مقدسات خاص طور پر مسجد الاقصی کے خلاف وحشیانہ جرائم سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

شیخ جراح محلے میں اٹھائیس فلسطینی خاندانوں کی جبری نقل مکانی کے لئے شہر قدس میں غاصب صیہونیوں کی وسیع اور مربوط کوشش، باب العمود محلے کے رہائشیوں کے خلاف وحشیانہ حملے، مسجد الاقصی کے خلاف اشتعال انگیز جارحیت، وہاں اعتکاف پر بیٹھے افراد کی سرکوبی ایک جرم اور خطرناک اقدام ہے جس پر خاموش نہیں رہنا چاہئے بلکہ ایسا محکم رد عمل دکھانا چاہئے کہ غاصب حکومت اور اس کے عمائدین قدس، مسجد الاقصی اور ملت فلسطین کے خلاف اپنے جرائم اسی طرح مسجد الاقصی پر 28 رمضان المبارک کو صیہونی فوج کی پشتپناہی اور یہودی تنظیموں کی حمایت سے صیہونی بستیوں کے افراد اپنے حملے کے منصوبے سے باز آ جائیں۔

رمضان کے مبارک مہینے، ہمدلی کے مہینے، امداد باہمی اور فتح کے اس مہینے میں جناب عالی کی خدمت میں اپنا یہ پیغام ارسال کر رہے ہیں اور ہم سب یقین و امید رکھتے ہیں کہ مسلم امہ ایک محکم اور فولادی عمارت کی مانند ایک صف میں کھڑی ہو جائے گی (یہ چیز ہمیشہ قدس اور مقدسات کے سلسلے میں فتح کا ضامن بنی ہے) اور قدس اور مسجد الاقصی میں ملت فلسطین کی حمایت کرنے اور غاصب صیہونیوں کے جرائم پر روک لگانے اور غاصب آبادکاروں کو مجرمانہ سرگرمیوں سے باز رہنے پر مجبور کرنے اور قدس کے باسیوں اور مسجد الاقصی کے محافظین کی مزاحمت کی حمایت کے لئے اٹھ کھڑی ہوگی۔

ملت فلسطین جس نے مقبوضہ قدس میں پچاس سال سے زیادہ عرصے سے اسلامی و عرب امت کی نیابت میں فلسطین کے مقدسات کی حفاظت کے لئے صبر و تحمل و مزاحمت کا راستہ اختیار کر رکھا ہے فتح ملنے، اس سرزمین پر فلسطینیوں کی واپسی اور اس آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل سے پہلے ہرگز اس راستے کو ترک نہیں کرے گی جس کا دار الحکومت قدس شریف ہو۔

اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ آپ کی حفاظت فرمائے، آپ کی توفیقات میں اضافہ کرے اور اسلامی جمہوریہ کو روز افزوں پیشرفت و ارتقاء عنایت کرے۔

ہمارا پرخلوص درود و سلام قبول کیجئے۔

اسماعیل ہنیہ

پولت بیورو چیف تحریک حماس فلسطین