حضرت صاحب الزمان علیہ السلام کا سب سے اہم مشن ہے؛ «یَملَأُ اللَهُ بِهِ الاَرضَ قِسطاً وَ عَدلا» (بحار الانوار جلد 36 صفحہ 316) اس عظیم ہستی کی ذمہ داری ہے عدل و انصاف قائم کرنا۔ بہت سی روایتوں میں، دعاؤں میں اور زیارتوں میں اس مفہوم کی طرف اشارہ ہے؛ عدل و انصاف۔ یہ ایسا عظیم ہدف ہے جس کا حصول حضرت صاحب الزمان کی آستین سے باہر آنے والے دست قدرت خداوندی سے ہی ممکن ہے۔ حضرت کے ہاتھوں جس عدل و انصاف کے قیام کا انتظار ہے وہ کسی خاص شعبے تک محدود عدل نہیں ہے، وہ زندگی کے تمام شعبوں میں قائم ہونے والا عدل ہے۔ قدرت میں عدل، ثروت میں عدل، سلامتی میں عدل، انسانی وقار میں عدل، سماجی مقام و مرتبے میں عدل، روحانیت اور ارتقاء کے امکانات میں عدل، زندگی کے تمام شعبوں میں عدل۔ یہ وہ چیزیں ہیں جن کے بارے میں انتظار ہے کہ حضرت امام زمانہ علیہ السلام کے ہاتھوں عالم وجود میں، اس دنیا میں رونما ہوں۔ ان شاء اللہ لطف خداوندی سے یہ ضرور ہوگا۔

امام خامنہ ای
9 اپریل 2020