"سرباز روز نھم" کتاب پر آيت اللہ العظمی خامنہ ای کی تقریظ

دفاع حرم کے دوران شہید ہونے والے شہید مصطفی صدر زادہ کی سوانح حیات اور رضاکار فورس میں ان کے حالات زندگي بیان کرنے والی کتاب "سرباز روز نھم" (نویں دن کا سپاہی) پر رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای کی تقریظ حسب ذیل ہے:

بسمہ تعالی

اس کتاب سے پہلے بھی میں نے شہید صدر زادہ کے حالات زندگي کے بارے میں ایک کتاب پڑھی ہے لیکن اس شہید عزیز کی محبوب اور کثیر الجہتی شخصیت کے پہلو اس کتاب میں زیادہ تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں۔ بلاشبہ یہ ممتاز اور نمایاں شخصیت آج اور کل کے نوجوانوں کے لیے ایک آئيڈیل ہے۔ مضبوط  ارادہ، عمیق ادراک، ایثار کا جذبہ، شجاعت، نہ تھکنے کا حوصلہ، ادب، محبت و اخلاص سے لبریز دل اور ایسی ہی دوسری نمایاں خصوصیات، انقلاب کی دوسری اور تیسری نسل کے اس ایثار پیشہ اور انقلابی نوجوان کی شخصیت کے کچھ پہلو ہیں۔ مجھے اس کتاب کو پڑھ کر رشک آيا۔ گلدستے کے یہ سب سے نمایاں پھول کس بلندی پر پہنچے اور میں اور میرے جیسے لوگ اس راہ میں، کیچڑ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ خدا کا درود و سلام ہو شہید مصطفی صدر زادہ، ان کی صابر اہلیہ اور ان کے ایثار پیشہ والدین پر۔

مارچ 2023

 

"اسم تو مصطفاست" کتاب پر آيت اللہ العظمی خامنہ ای کی تقریظ

دفاع حرم کے دوران شہادت کا درجہ حاصل کرنے والے شہید مصطفی صدر زادہ (1) کی سوانح حیات پر مبنی کتاب "اسم تو مصطفاست" (تمھارا نام مصطفی ہے) پر رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای کی تقریظ حسب ذیل ہے:

بسمہ تعالی

پاکیزگي، اخلاص، صداقت، ایثار، ہر چیز، ہر پیار اور ہر محبوب پر معبود کی مرضی کو ترجیح دینا، خدا کی راہ میں ٹھوس عزم و ارادہ اور اہلبیت علیہم السلام سے عشق و عقیدت جیسی باتیں شہید عزیز مصطفی صدر زادہ کی ممتاز شخصیت کے کچھ پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہیں۔ خدا کا سلام ہو ان پر، ان کی صابر اہلیہ پر اور دیگر لواحقین پر، محترمہ تجار کی تحریر شیریں، پختہ اور جدت طرازانہ ہے۔

9 دسمبر 2018

 

(1) کتاب کی مصنف راضیہ تجار ہیں جنھوں نے شہید کی اہلیہ سمیہ ابراہیم پور کی مدد سے یہ کتاب لکھی ہے۔