اسماعیل ہنیہ نے تہران کے دورے پر آنے والے حماس کے وفد سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے اس دو ٹوک موقف کی قدردانی کی کہ ایران فلسطینی مزاحمتی محاذ کو وہ تمام وسائل فراہم کرنے پر آمادہ ہے جس کی اسے اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے ضرورت ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں کہ مزاحمتی محاذ میں حق و انصاف اور حریت پسندی کی حامی طاقتوں اور ان طاقتوں کی قیادت کرنے والے اسلامی جمہوریہ ایران کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے یہاں تک کہ حتمی فتح حاصل ہو جائے۔

اسماعیل ہنیہ نے رہبر انقلاب اسلامی کو لکھے گئے اپنے خط میں آگے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے آپ کے وجود کو بطور نعمت ہمیں عطا کیا ہے اور اللہ سے ہم دعا کرتے ہیں کہ آپ کو اپنی نعمتوں سے نوازے اور آپ سے تمام بلائیں دور اور آپ کو ظالم و مستبد دشمنوں کے مکر و فریب سے محوظ  رکھے۔

اسماعیل ہنیہ نے اسی طرح رہبر انقلاب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عہدیداران کی طرف سے حماس کے وفد کے پرتپاک استقبال کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ہنیہ نے کہا کہ ہمارے وفد نے ہمیں اس سفر میں ہونے والی ملاقاتوں اور پیش آنے والے اتفاقات کے بارے میں بتایا اور خاص طور پر جناب عالی سے ہونے والی ملاقات اور فلسطینی بھائیوں اور مزاحمتی محاذ کی وسیع و خاص حمایت و نصرت پر مبنی آپ کے صریحی موقف سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی یہ بھی خبر دی کہ آپ مزاحتمی محاذ کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے درکار تمام وسائل فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہیں، یہ بات ہمارے لئے بے حد مسرت بخش ہے اور ہمارے سامنے اس طرح بہت وسیع افق کھل گئے ہیں جس کا بہت گہرا اثر صیہونی دشمن سے ہماری مقابلہ آرائی اور اس کے اسٹریٹیجک پہلوؤں میں نظر آئے گا۔

اسماعیل ہنیہ نے لکھا کہ وہ اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ فتح و کامرانی، امن و آسائش، دشمنوں کی نابودی، فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کی امت مسلمہ کی آرزو اور رہبر انقلاب اسلامی کی خواہش کو پورا فرمائے۔