اسلامی جمہوریہ ایران کی میڈیکل سائنس اکیڈمی کے سربراہ علی رضا مرندی جمعرات مطابق ۲۷ فروری کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات کے دوران وزیر صحت، ان کے ساتھیوں، ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے سبھی عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ یہ انتہائی قابل قدر زحمتیں ہیں جو معاشرے میں میڈیکل اور طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے طبقے کے مقام و مرتبے کو مزید بلند کریں گی، بلکہ کر دیا ہے۔

آپ نے کورونا وائرس کے خلاف بر سر پیکار سبھی افراد کی کوششوں کو بیش بہا قرار دیا اور فرمایا کہ یہ کوششیں میڈیکل اور طبی شعبے سے وابستہ سبھی افراد کی قدر و منزلت میں اضافے کے ساتھ ساتھ اجر الٰہی کا بھی سبب ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وزارت صحت اور اس سے وابستہ سبھی اداروں کے ذریعے جو جد و جہد کی جارہی ہے، ہم تہہ دل سے ان کے شکر گزار ہیں اور یہ ملاقات اسی غرض سے انجام پائی ہے کہ میں ذاتی طور پر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے افراد کا شکریہ ادا کروں۔ 

آپ نے امید ظاہر کی کہ کورونا جیسے منحوس وائرس کا جلد ہی خاتمہ کر دیا جائے گا۔