قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج صبح صدر محمود احمدی نژاد اور ان کی کابینہ کے اراکین سے ملاقات میں، محنت و مشقت، عوام کی پر خلوص خدمت اور امام خمینی اور انقلاب کے نعروں اور اصولوں کی پابندی کو موجودہ حکومت کی تین اہم ترین خصوصیات قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب  کا چوتھا عشرہ، ترقی و مساوات کا عشرہ ہے لہذا تمام منصوبہ بندیاں اور کوششیں اسی تناظر میں انجام پانی چاہئیں۔
ہفتہ حکومت کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ موجودہ حکومت کی قدردانی کی وجہ اس حکومت کی وہ برجستہ صفات ہیں جو اسلامی تعلیمات میں شرافت کے حقیقی معیار کے طور پر متعارف کرائی گئی ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے موجودہ حکومت کی خصوصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ڈاکٹر احمدی نژاد کی حکومت کی سب سے پہلی خصوصیت عوام کی پورے خلوص، تندہی اور دلچسپی کے ساتھ خدمت کرنا ہے کہ جو ایک بڑی اہم خصوصیت ہے اور تین سال گزر جانے کے بعد بھی اس میں کسی طرح کی کوئي کمی نہیں آئی ہے، اس کا ثبوت کابینہ کے مسلسل جاری صوبائی دورے ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایٹمی مسئلے میں استقامت کو قومی تشخص کے دفاع کا مظہر قرار دیا اور فرمایا کہ بعض دریدہ دہن ممالک اور ان کی پیروی کرنے والی فرومایہ حکومتیں ملت ایران پر اپنی بات مسلط کرنا چاہتی تھیں لیکن ملت ایران، صدر ایران اور حکومت ایران نے ان کی تسلط پسندی کو لگام لگائی۔
قائد انقلاب اسلامی نے مثبت تبدیلیوں اور بڑے امور سے متعلق اہم فیصلے کرنے کی جرئت کو حکومت کے انقلابی تشخص کی علامت قرار دیا اور فرمایا کہ بد عنوانی کے عفریت کا خاتمہ مشکل کام ہے اور یہ ہدف اب بھی مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکا ہے تاہم اس سے مقابلے کی ہمت موجودہ حکومت میں بدرجہ اتم موجود ہے جو واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے دنیا کی تسلط پسند طاقتوں کے سامنے دفا‏عی پوزیشن سے نکل کر جرئتمندانہ موقف اختیار کرنے کو اسلامی انقلاب کے اصولوں اور نعروں کے تئیں حکومت کی وفاداری و پابندی کا ثبوت قرار دیا اور فرمایا کہ سامراج میں بہت سی کمزوریاں ہیں جن پر توجہ دیکر دنیا کی تسلط پسند طاقتوں کو پسپا کیا جا سکتا ہے اور موجودہ حکومت میں اس کی صلاحیت موجود ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عوامی خدمت کا جذبہ بھی اس حکومت کی اہم ترین خصوصیت ہے۔ آپ نے کابینہ کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کے لئے شرف کی بات یہ ہے کہ آپ کی زندگی کی سطح عوام الناس جیسی ہو، آپ کی زندگی سادہ ہونی چاہئے اور عوام سے آپ کا رابطہ مسلسل برقرار رہنا چاہئے اور یہ صفات صدر اور اراکین کابینہ میں ہویدا ہیں جس کے نتیجے میں عوام کا اعتماد بڑھا ہے اور فضول خرچی و اسراف میں کمی آئی ہے۔
اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے مختلف اقتصادی، سیاسی، سائنسی اور ثقافتی شعبوں میں حکومت کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔