قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اکواڈور کے صدر رافائیل کورےیا سے ملاقات میں فرمایا کہ مسلمہ حقوق کے حصول کے سلسلے میں قوموں کی استقامت، پیشرفت کا واحد راستہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے کل تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں لاطینی امریکہ اور دیگر علاقے کی قوموں میں امریکہ کے لئے پائے جانے والے نفرت کے جذبات اور غیظ و غضب کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ قومیں سامراجی دباؤ اورتسلط سے تنگ آ چکی ہیں اور اس تسلط سے نجات حاصل کرنے کے لئے انہیں شجاع رہنماؤں کی ضرورت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ بڑی طاقتوں کے سامنے ڈٹ جانا، حقوق کی حفاظت کا واحد راستہ ہے تاہم دنیا کے بعض رہنما اپنے قومی مفادات کے سلسلے میں استقامت و پائیداری کا مظاہرہ کرنے کے بجائے توسیع پسند طاقتوں کے سامنے پسپائی اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ تیس برسوں کے دوران نمایاں رہنے والی ملت ایران کی استقامت و پائیداری کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ بڑی طاقتوں کے سامنے استقامت و پائیداری کی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے لیکن اس استقامت سے حاصل ہونے والے ثمرات اس سے کہیں زیادہ با ارزش ہوتے ہیں۔ اکواڈور کے صدر نے بھی قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر اظہار مسرت کیا اور ملت ایران کو شجاع و بہادر قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تیس برسوں میں پابندیوں اور جنگ کا سامنا کرنے کے باوجود ملت ایران کی پیشرفت حیرت انگیز ہے۔