قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج شام ترکمنستان کے صدر سے ملاقات میں ایران و ترکمنستان کے بے شمار تاریخی و ثقافتی اشتراکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دونوں ممالک گوناگوں وسائل اور تعاون کےمواقع کے پیش نظر باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے تہران کے دورے پر آنے والے ترکمنستان کے صدر قربان قلی بردی محمد اف اور ان کے وفد میں شامل افراد سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سائنسی، صنعتی، فنی اور ثقافتی توانائيوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی یہ توانائياں ترکمنستان کی بہت سی ضرورتوں کی تکمیل کر سکتی ہیں اور باہمی تعاون سے دونوں ہی ملکوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران و ترکمنستان کے تعلقات میں فروغ کے عمل کی رفتار تیز ہونی چاہئے اور باہمی تعاون و معاہدے فریقین کے لئے اطمینان بخش ہونا چاہئے۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ترکمنستان کے صدر نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی تیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ڈاکٹر احمدی نژاد سے انجام پانے والی اپنی گفتگو کو بہت مفید و سود بخش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تہران مذاکرات میں تعاون کے مختلف میدانوں کے تعلق سے بڑی اچھی تجاویز سامنے آئيں اور میں امید کرتا ہوں کہ ان پر تیز رفتاری سے عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے قزاقستان-ترکمنستان- ایران ریلوے لائن کے پروجیکٹ کو بہت اہم قرار دیا اور کہا کہ ترکمنستان اپنے ہمسایہ دوست ملک، اسلامی جمہوریہ ایران سے تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔