قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں صدر احمدی نژاد کے اہم حریف میر حسین موسوی سے ملاقات میں فرمایا کہ وہ جملہ مسائل کو قانونی طریقوں سے اٹھائیں۔
کل شام ہونے والی ملاقات میں جناب میر حسین موسوی نے انتخابات کے سلسلے میں اپنے تحفظات بیان کئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے امن و سکون اور لا اینڈ آرڈر کی حفاظت کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اس سے قبل کے انتخابات میں بھی بعض افراد اور امیدواروں کو کچھ شکایتیں ہوئی تھیں جنہیں انہوں نے نگراں کونسل کے ذریعے جو انتخابات سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے والا قانونی ادارہ ہے معاملے کی تحقیقات کروائیں، بنابریں اس دفعہ بھی جو شکایتیں ہیں وہ قانونی تناظر میں اٹھائی جانی چاہئیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے نگراں کونسل کو ارسال کئے گئے جناب میر حسین موسوی کے خط کا ذکر کیا اور فرمایا کہ اس خط پر پوری سنجیدگی سے توجہ دی جانی چاہئے۔
آپ نے دشمن کی اشتعال انگیزیوں اور سڑکوں پر آشوب بپا کرنے کی خفیہ سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جناب موسوی کو مخاطب کرکے فرمایا: آپ کی ماہیت اس طرح کے افراد سے الگ ہے، آپ معاملے کو پرسکون انداز میں متانت کے ساتھ آگے بڑھائیے۔
قائد انقلاب اسلامی نے بارہ جون کے انتخابات میں عوام کی بھرپور اور بے مثال شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پر امن ماحول میں صحتمند انتخابات منعقد ہوئے ہیں، آپ اپنے مد نظر مسائل کو قانونی طریقوں سے اٹھائيے۔