کامیابیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا، قائد انقلاب اسلامی
قائد انقلاب اسلامی نے یورپی ممالک میں زیر تعلیم ایرانی طلبہ کی یونین کے ارکان کو ملت ایران کے عزیز فرزند اور ملک کا بیش بہا سرمایہ قرار دیا۔
پہلی جنوری اتوار کو یورپ میں زیر تعلیم طلبہ کی یونین کے ارکان سے ہونے والی ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صحیح معنی میں حصول علم اور اسلامی جمہوری نظام کے حقیقی موقف کی درست تشریح کو ان طلبہ کی اہم ذمہ داریوں میں قرار دیا۔ آپ نے طلبہ کے اہم ترین فریضے یعنی حصول علم کی وضاحت کرتے ہوئے علمی و معنوی قدرت کے فقدان کو انقلاب سے قبل کے زمانے کی سب سے بڑی مشکل اور اغیار پر انحصار کی وجہ قرار دیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی فتح اور اللہ تعالی کی ذات پر امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا ناقابل بیان توکل اور قوم پر توجہ، قومی خود اعتمادی، ذہنی حصار سے آزادی اور ملکی مشکلات کے ازالے کا مقدمہ بن گئی۔
قائد انقلاب اسلامی نے غیر ممالک میں زیر تعلیم ایرانی طلبہ کی دوسری اہم ذمہ داری پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلامی جمہوری نظام کی صحیح فکر کی ترویج اور حقیقی موقف کے تعارف کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے استکبار اور اس سے وابستہ عظیم اقتصادی و تشہیراتی نیٹ ورک سے مقابلہ آرائی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں پابندیوں کا کامیاب مقابلہ اور ایٹمی شعبے میں حاصل ہونے والی پیشرفت شامل ہے اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے علمی صلاحیتوں کو مزید تقویت پہنچانے اور اس راہ میں مسلسل جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تمام پہلوؤں سے وسیع پیمانے پر اقتصادی، سیاسی اور فوجی اقدامات کرنے کے باوجود مسلسل شکست اور لغزش سے دوچار ہو رہا ہے۔
اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل یورپ میں زیر تعلیم ایرانی طلبہ کی یونین میں قائد انقلاب اسلامی کے نمائندے حجت الاسلام اژہ ای نے یونین کے چھیالیسویں اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے علم و تحقیق کے شعبے میں اس یونین کی کامیابیوں اور ثمر بخش کوششوں کی رپورٹ پیش کی۔