قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کام کو کسی بھی معاشرے میں حیات اور دائمی تحرک و پیشرفت کا محور قرار دیاـ

قائد انقلاب اسلامی نے اتوار کو ملک بھر کے نمونہ محنت کشوں اور دواؤں کی تقسیم کار کمپنی دارو پخش کی صنعتی یونٹوں کے ملازمین سے ملاقات میں محنت کشوں اور ملت ایران کو ہفتہ محنت کشاں کی مبارکباد پیش کی اور فرمایا کہ کام اپنے وسیع مفہوم کے ساتھ جس میں جسمانی، فکری، علمی اور انتظامی کام سبھی شامل ہیں کسی بھی معاشرے کی زندگی اور دائمی حرکت و پیشرفت کا محور ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے اشتراکی اور سرمایہ دارانہ نظام کی حامی حکومتوں کے ہاتھوں محنت کش طبقے کے استحصال کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ان مکاتب فکر کے برخلاف دین اسلام محنت کش طبقے کے ساتھ انتہائی صداقت سے پیش آیا اور اس نے عقل و منطق کی روشنی میں کام کو انتہائی باارزش قرار دیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے کام اور محنت کش طبقے کے تعلق سے انجام پانے والی منصوبہ بندی اور اقدامات میں اسلامی اصول و منطق کو زیادہ سے زیادہ نمایاں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آپ نے سرمائے اور افرادی قوت کو حرکت و پیشرفت کے لئے قومی پیداوار کے دو طاقتور بازو قرار دیا اور فرمایا کہ ایرانی کام اور ایرانی سرمائے کا احترام کیا جانا چاہئے تاکہ حقیقی معنی میں قومی پیداوار کی زمین ہموار ہو۔ قائد انقلاب اسلامی نے دشمن کی اقتصادی سازشوں پر غلبے کے لئے سرکاری اور نجی سیکٹر کے ملازمین، سرمایہ داروں اور عہدیداروں کی بلند ہمتی کو لازمی قرار دیا اور فرمایا کہ عوام الناس بھی داخلی مصنوعات کے استعمال کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کریں۔ قائد انقلاب اسلامی نے قومی پیداوار کے مسئلے پر حکومت کی خاص توجہ کو لازمی قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اس سلسلے میں بنیادی کام ہونا چاہئے اور ایران کی معیشت کا استحکام اور ثبات مجریہ، مقننہ اور عدلیہ کی مربوط مساعی کا متقاضی ہے۔