فرزندان توحید اور یکتا پرستوں کی سب سے عظیم اور بابرکت عید کے موقعہ پر سربلند سرزمین ایران ایک بار پھر نور معنویت اور عطر بندگی سے معمور ہو گئی۔ تہران کے مومن و شکر گزار عوام نے ایک مہینے کی روزہ داری اور عبادت و مناجات کے بعد قائد انقلاب اسلامی کی امامت میں پرشکوہ اور یادگار انداز میں نماز عید سعید فطر ادا کی۔
نماز عید کے خطبوں میں قائد انقلاب اسلامی نے عالم اسلام کی سطح پر وقوع پذیر ہو رہے تغیرات کو حیرت انگیز اور بے نظیر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عالم اسلام کے مستقبل کے راستے کا تعین کرنے والے یہ تغیرات بفضل الہی اسی آہنگ و انداز میں جاری رہیں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تہران یونیورسٹی کے کیمپس میں ادا کی جانے والی مرکزی نماز عید الفطر کے پہلے خطبے میں عید فطر کی مبارک باد پیش کی اور فرمایا کہ اس سال فضل پروردگار سے مذہبی اجتماعات بالخصوص شبہائے قدر میں قوم کے تمام طبقات کی بھرپور شرکت اور دعا و مناجات کی نورانیت سے رمضان المبارک کا مہینہ حقیقی معنی میں مبارک و مسعود مہینہ بن گیا۔ آپ نے فرمایا کہ انہی حقائق کی وجہ سے ملک میں پائيدار اور موثر روحانی ماحول قائم ہو گیا ہے جس کی سب کو قدر کرنا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے سفارش کی کہ عوام الناس اور اور خاص طور پر نوجوانوں کو چاہئے کہ قرآن سے اپنے انس کو بڑھا کر اور ظاہری و باطنی شیاطین سے پیکار کے ذریعے اس مہینے میں حاصل ہونے والے نورانی سرمائے کی حفاظت کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے یوم قدس کے جلوسوں میں ملت ایران کی بر وقت اور برمحل شراکت کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ اس عظیم اقدام سے عالم اسلام پر یقینی طور پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ قائد انقلاب اسلامی نے یوم قدس کے موقعے پر نظر آنے والی ملت ایران کے ساتھ دنیا کی دیگر مسلم اقوام کی وسیع تر ہم آہنگی اور یکساں نعروں کی گونج کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اس سال مسلم اقوام بالخصوص ان مسلم ملکوں کے عوام جہاں بیداری کی لہر پھیلی ہے فلسطین کی حمایت میں سڑکوں پر نکلے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے یوم قدس کو امت اسلامیہ کی رگوں میں تازہ لہو کی گردش کا دن قرار دیا اور فرمایا کہ یہ تبدیلیاں جو عالم اسلام کے مستقبل کا تعین کریں گی بفضل الہی اسی انداز اور آہنگ کے ساتھ جاری رہیں گی۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امت اسلامیہ کے دشمن تغیرات کے اس عمل کو ناکام بنانے کے لئے گہری سازشوں اور اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ میدان میں اتر پڑے ہیں تا ہم مسلمان قومیں دشمنوں کی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے واقعات و تغیرات کی گہری شناخت اور تبدیلیوں کا جائزہ لیتے وقت ہر طرح کی غلطی سے اجتناب کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ جہاں بھی امریکا، صیہونزم اور جابر حکومتوں نے کوئی عمل شروع کیا ہے وہ بلا شبہ غلط عمل ہے۔ لہذا اگر اس حقیقت کو مد نظر رکھا جائے تو تجزئے اور اندازے کی غلطی سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے مشرقی آذربائیجان صوبے میں آنے والے زلزلے کو بڑا تباہ کن اور اندوہناک حادثہ قرار دیا اور فرمایا کہ اس سانحے سے پوری قوم غمزدہ ہے۔
زلزلے سے متاثرہ افراد کے لئے اب تک کی جانے والی امدادی کارروائیوں کو قابل تعریف قرار دیا اور فرمایا کہ یہ کوششیں اسی طرح جاری رہنا چاہئے تا کہ زلزلے سے متاثرہ عزیز ہم وطنوں کے تعلق سے بڑی ذمہ داریوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
قائد انقلاب اسلامی نے زلزلے سے متاثرہ اہل وطن کے سلسلے میں عوام کے اندر موجزن جذبہ حمیت و ہمدردی کی قدردانی کی اور فرمایا کہ ایران کے عوام کبھی بھی اس قسم کے واقعات کے سلسلے میں لا تعلق نہیں رہے اور اس دفعہ بھی زلزلے کے متاثرین کے لئے امداد رسانی کے عمل میں متعلقہ حکام سے ان کا تعاون جاری رہنا چاہئے۔
آپ نے امید ظاہر کی کہ حکام کی بلند ہمتی اور عوام کی بھرپور مدد و تعاون کے نتیجے میں اس قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کی مکمل تلافی ہو جائے گی اور علاقے کے عوام تعمیر و ترقی کے نئے باب کا مشاہدہ کریں گے۔