قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ترکمنستان کے صدر بردی محمداوف سے ملاقات میں کہا کہ ہمسایہ ممالک کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجی دوستی اور تعاون کی اسٹریٹیجی ہے۔

قائد انقلاب اسلامی نے باہمی رشتوں میں پیدا ہونے والی وسعت کا خير مقدم کیا اور فرمایا کہ دونوں ملکوں کے اندر موجود وسیع اور گوناگوں صلاحیتیں اور امکانات سے تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے ترکمنستان کی ترقی و پیشرفت پر خوشی کا اظہار کیا اور فرمایا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں منجملہ بحیرہ کیسپیئن کو باہمی روابط کے فروغ کی بنیاد بنایا جا سکتا ہے۔

اس ملاقات میں ترکمنستان کے صدر بردی محمداوف نے اپنی قوم کا پرخلوص سلام پیش کیا اور کہا کہ ہم اپنے عظیم ہمسایہ ملک سے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائيں گے۔

ترکمنستان کے صدر نے تہران میں منقعدہ ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کو انتہائی فیصلہ کن قرار دیا اور کہا کہ یقینا اس اجلاس کے نتائج سے رکن ممالک کی پیشرفت و ترقی پر مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوں گے۔