قائد انقلاب اسلامی نے شمالی کوریا کی سربراہی کونسل (پریزیڈیم) کے چیئرمین سے ملاقات میں متعدد امور میں دونوں ملکوں کے مشترکہ موقف کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔
شمالی کوریا میں قانون ساز اور دیگر اہم قومی اداروں پر نظر رکھنے والی سربراہی کونسل کے چیئرمین کم یونگ نیم نے ہفتے کی صبح اپنے وفد کے ساتھ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بلند اہداف کی جانب پیش قدمی کے عمل میں انتہائی پرعزم رہنے کی ضرورت ہے اور دباؤ، دھمکیوں اور پابندیوں سے ارادے میں ہرگز کوئی تزلزل نہیں پیدا ہونا چاہئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اعلی اہداف کی جانب بڑھنے کے ارتقائی عمل میں عزم مصمم کا حامل ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے دونوں ملکوں میں پائی جانے والی وسیع صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور شمالی کوریا کے مشترکہ دشمن ہیں کیونکہ استعماری طاقتیں خود مختار ممالک کا وجود برداشت نہیں کرنا چاہتیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے دور صدارت میں انجام پانے والے شمالی کوریا کے اپنے سفر کو یاد کیا اور شمالی کوریا کے سابق رہنما آنجہانی کم ایل سونگ کی قدردانی کی۔
اس ملاقات میں کم یونگ نیم نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون کا سلام پہنچایا اور آیت اللہ خامنہ ای کے دورہ شمالی کوریا کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک اہم موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ شمالی کوریا کی ترجیحی پالیسیوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پیشرفت کی تعریف کی۔