قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے اسلامی انقلاب، مقدس دفاع، فلسطین اور اسلامی بیداری کو فلم سازی کے اہم موضوعات سے تعبیر کیا۔

عمار فلم فسٹیول کے منتظمین سے ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایک غلط خیال جس کا دنیا میں بڑا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے یہ ہے کہ فن کو سیاست سے نہیں جوڑنا چاہئے جبکہ ہالی وڈ سمیت مغرب کی مختلف صنعتیں

پوری طرح سیاست سے متاثر ہیں، ورنہ اگر ایسا نہ ہوتا تو ایران کی صیہونیت مخالف فلم کو فلمی میلوں میں شرکت سے کیوں روکا جاتا۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے خلاف بننے والی سیاسی فلمیں اور انہیں دئے جانے والے انعامات مغرب اور خاص طور پر امریکا میں سیاست اور فن کی باہمی آمیزش کی واضح علامتیں ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے دین، دینی تعلیمات، ایران کے اسلامی انقلاب اور انقلابی اقدار پر عمار فلم فسٹیول میں توجہ دئے جانے کی

تعریف کی اور فرمایا کہ اسلامی فن اور فلم کے سلسلے میں مستقبل کے تئیں بھرپور امید اور درست منصوبہ بندی کے ساتھ دراز مدتی نقطہ نگاہ اختیار کرنے اور فنکارانہ وسائل کو موثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے مستقبل کے سلسلے میں جذبہ امید اور وسیع الفکری کو اسلامی انقلاب کے اہم اہداف کا جز قرار دیا اور فرمایا کہ اسلامی انقلاب کا سفر جو سنہ انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کی فتح کے ساتھ شروع ہوا، اسی طرح امریکی دبدبے کا خاتمہ اور گزشتہ چونتیس سال کے واقعات سب اسلامی نظام کی اپنی منزل تک رسائی کے مقدمات ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی و دینی موضوعات پر بننے والی فلموں میں اس نطقہ نگاہ اور جذبے کو ملحوظ رکھنا بہت ضروری ہے جبکہ اس عمل میں صاحب ایمان اور جوش و جذبے سے سرشار نوجوان، گاڑی کے انجن کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ تجربہ کار اور کہنہ مشق افراد کو چاہئے کہ اپنے تجربات کی روشنی میں نئے افراد کی تربیت کریں اور اس عمل میں سرعت لائیں۔

قائد انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فلم فسٹیول کا نام پیغمبر اسلام کے عظیم صحابی اور حضرت علی علیہ السلام کے قریبی ساتھی شمار ہونے والے حضرت عمار یاسر کے نام پر رکھے جانے کو پسندیدہ انتخاب قرار دیا اور اس عظیم صحابی کی ممتاز صفات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ صدر اسلام کے گوناگوں نشیب و فراز میں حضرت عمار کا ثبات قدم، اسی طرح پیغمبر اسلام کے بعد پیش آنے والی امتحان کی سخت گھڑیوں میں آپ کی وقت شناسی، بروقت اقدام اور حقائق کی تشریح میں آپ کا کردار حضرت عمار یاسر کی نمایاں خصوصیات ہیں۔

قائد انقلاب اسلامی نے یونیورسٹیوں کے متعلقہ شعبوں کے سنیما اور میڈیا کی فضا پر گہرے اثر کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ اس فضا کی اصلاح کے لئے ضروری ہے کہ اس میں وارد ہونے کے راستوں کی اصلاح کی جائے۔ آپ نے فرمایا کہ آج جو افراد انقلاب اور مقدس دفاع کے موضوع پر بننے والی فلوں میں کام کر رہے ہیں وہ واقعی حالت جہاد میں ہیں۔