قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک میں نو جوانوں کی آبادی کی کمی کے عمل کو روکنا اور آبادی میں اضافہ انتہائی اہم مسئلہ ہے جس پر سنجیدگی سے اقدامات کیا جانا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے مڈ وائف یا دایاؤں کی قدردانی کے لئے منائے جانے والے قومی دن کی مناسبت پر مڈوائف ادارے کے حکام سے ملاقات میں معاشرے کی طبی خدمات اور اسی طرح انسانی نسل کو آگے بڑھانے میں اس طبقے کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا اور معاشرے میں مڈ وائف کی خدمات کی اہمیت پر توجہ دئے جانے کی ضرورت پر زور دیا
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نوجوانوں کی آبادی میں اضافہ ملک کے لئے ایک امتیاز ہے اور اگر موجودہ غلط پالیسیاں اور کاروائیاں جاری رہیں تو آئندہ برسوں میں ملک میں نوجوانوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی واقع ہو جائے گی اور ملک کو بڑھاپے جیسے بڑے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑے گا.
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نوجوان آبادی کے بغیر ملک کا مطلب، ترقی ، جوش اور جذبے سے محروم ملک ہوتا ہے اسی لئے آبادی میں اضافہ کے پروگرام پر سنجیدگی کے ساتھ کام کیا جانا چاہئے.
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایسی ماحول سازی ہونی چاہئے کہ لوگ دایا کی خدمات حاصل کرنے کی اہمیت کو سمجھیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے ملک کی دایاؤں کی صنف کی خدمات اور دردمندانہ تعاون کی قدردانی کی جو صبر و تحمل، دانش و تجربات اور ماہرانہ فرض شناسی و احساس ذمہ داری کے ساتھ ماں اور نوزائيدہ بچوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بناتی ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اس پہلو سے دیکھا جائے تو تمام مردوں اور خواتین پر دایاؤں کا احسان ہے اور عوام کے درمیان اس صنف کو ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں خواتین کو سیزارین سے اجتناب کرتے ہوئے فطری طریقے سے بچوں کی پیدائش کی ترغیب دلانا چاہئے اور ذرائع ابلاغ میں فطری طریقے سے ہونے والی بچوں کی پیدائش کی صورت میں ماں اور بچے کی صحت و سلامتی پر پڑنے والے مثبت اثرات کو بیان کیا جانا چاہئے۔