رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اتوار کی صبح محکمہ پولیس کے کمانڈروں اور افسران سے ملاقات میں سیکورٹی کو اولیں ترجیح کا درجہ رکھنے والا موضوع قرار دیتے ہوئے محکمے کے اہلکاروں کی فکری و عملی اور اخلاقی سلامتی و پاکیزگی پر حکام کی بھرپور نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سماجی و اخلاقی تحفظ کو یقینی بنائے جانے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ منصوبوں اور پروگراموں کو عقل و منطق، عزم و قوت اور قانون پسندی و رحمدلی پر استوار رکھئے تاکہ محکمہ پولیس کے تعلق سے ملک کے قدرداں عوام کے ذہنوں میں پسندیدہ تصویر قائم ہو۔
رہبر انقلاب اسلامی نے حالیہ مہینوں کے دوران رونما ہونے والی کئی اہم واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ پولیس کے افسران، اہلکاروں اور وزیر داخلہ کی عشرہ فجر، 11 فروری کے جلوسوں، پارلیمنٹ اور ماہرین اسمبلی کے دو مرحلوں کے انتخابات کے انعقاد جیسے مواقع پر بھرپور طریقے سے امن و سلامتی قائم رکھنے سے متعلق کوششوں اور عید نوروز کے موقع پر عوام کے سفر کے دوران راستوں پر پولیس کی ذمہ دارانہ موجودگی کا شکریہ ادا کیا۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایام نوروز کے سفر کے تعلق سے اس نکتے کا ذکر کیا کہ سڑک حادثات سے ہونے والے جانی نقصان کی شرح میں بیشک کمی آئی ہے لیکن اب بھی یہ شرح کافی زیادہ ہے، لہذا پولیس اور دیگر ذمہ دار اداروں کو چاہئے کہ جانی نقصان کے اعداد و شمار میں مزید کمی لانے کے لئے تواتر کے ساتھ کوشاں رہیں۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے مطابق سیکورٹی کا مسئلہ حد درجہ اہمیت کا حامل ہے اور اس کی جگہ اولیں ترجیحات میں ہے، آپ نے زور دیکر کہا کہ امن و سلامتی کے بغیر عوام کی روز مرہ کی زندگی اور علمی و تعلیمی و اقتصادی و انتظامی سرگرمیوں کی انجام دہی ممکن نہیں ہوگی، رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ استقامتی معیشت کے دائرے میں اقدام و عمل اور اندرونی وسائل پر استوار معیشت کے شجرہ طیبہ کے وجود کی شرط بھی امن و سلامتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ محکمہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی طرف سے بدامنی کے وجوہات کی نشاندہی اور ان کا جائزہ بھی بہت ضروری ہے، آپ نے زور دیکر کہا کہ اس سلسلے میں دیگر ادارے محکمہ پولیس سے تعاون کریں۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا: پولیس فورس کے اعلی سطح کے افسران کی پاکدامنی، دقت نظر اور جوش و جذبہ، اسی طرح محکمہ پولیس کے تعلق سے محترم وزیر داخلہ کا پدرانہ شفقت پر مبنی برتاؤ بڑی مثالی صورت حال ہے جسے مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے پہلے سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے محکمہ پولیس کے ہمہ جہتی ارتقاء کے لئے حکومت کی جانب سے اس محکمے کی حمایت پر زور دیا اور عوام کی جانب سے ملنے والے تعاون پر خاص توجہ دئے جانے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ محکمہ پولیس اور وزارت داخلہ کو چاہئے کہ باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد عوامی تعاون اور مدد کے میدانوں اور جگہوں کی نشاندہی اور ان کا اعلان کریں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عوام الناس سے محکمہ پولیس کے وسیع رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے اس محکمے کی پاکیزگی کو انتہائی لازمی قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ محکمہ پولیس میں فکری، عملی اور اخلاقی پاکیزگی کے نتیجے میں عوام کی پشت پناہی ملےگی اور مختلف عوامی طبقات سے پولیس فورس کے رشتے مستحکم ہوں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی پاکیزگی و صحتمندی کے لئے گہری، جامع اور دائمی نگرانی ضروری ہے، آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیا کہ ملک بھر میں پولیس فورس کی موجودگی کا دائرہ وسیع تر ہونا چاہئے اور تمام رہائشی خطوں، شہروں کے مضافاتی علاقوں، دور دراز کے خطوں اور چھوٹے شہروں سمیت تمام جگہوں پر مکمل تحفظ کا ماحول ہونا چاہئے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ اخلاقی تحفظ اور اس سلسلے میں عوام کی تشویش بہت اہم مسئلہ ہے جس پر محکمہ پولیس کی خاص توجہ ہونی چاہئے۔ آپ نے فرمایا کہ نشے کی لت، شرپسندانہ حرکتیں، نظم و ضبط کو مختل کرنے والے اقدامات، سماج کے جسمانی روحانی و اخلاقی عدم تحفظ کا باعث بنتے ہیں، بنابریں ان مسائل سے نمٹنے کے لئے مختلف اداروں اور خاص طور پر محکمہ پولیس کی سطح پر صاحب نظر افراد کی ماہرانہ تجاویز کی مدد سے صحیح منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ اخلاقیاتی امن و تحفظ سے متعلق موضوعات کے سلسلے میں صحیح، مستحکم اور دانشمندانہ منصوبہ بندی ہونے کے بعد بعض افراد کی طرف سے کی جانے والی مخالفت یا میڈیا کی ماحول سازی سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اللہ کی ذات پر توکل کرتے ہوئے اپنے کام میں مصروف رہنا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام کے ذہن میں محکمہ پولیس کی پسندیدہ شبیہ قائم ہونا بہت ضروری ہے، آپ نے زور دیکر کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں پولیس فورس کے تعلق سے ایک مقتدر اور مہربان دوست کی تصویر ابھرنی چاہئے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ بے رحمی سے اجتناب کرتے ہوئے اقتدار اور ٹھوس موقف کا مظاہرہ، اندرونی سطح پر مکمل پاکیزگی، فوری اور بروقت اقدام، عوام کے ساتھ مہر و محبت، لوگوں کے ذہنوں میں پولیس کی نمایاں خصوصیات کے طور پر منعکس ہونی چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کی فراہمی کی صورت میں محکمہ پولیس کو ارتقاء ملے گا اور یہ ادارہ عوام کی پیشرفت میں مددگار واقع ہو سکےگا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمنوں کی طرف سے 37 سال تک دائمی رخنہ اندازیوں کے باوجود ملک کی پیشرفت کا عمل اچھا اور اطمینان بخش رہا، آپ نے فرمایا کہ اسلامی نظام نے قوم کی مدد سے دشمن کی ناک رگڑ دی اور ملک کے اندر اختلاف، بدگمانی اور قنوطیت کا ماحول پھیلانے کی دشمنوں کی کوششوں کی ناکامی ایران کی پیشرفت پر دشمن کی شدید برہمی کی وجہ ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے حکام اور عوام سب کو ملک کے اندر پائے جانے والے اتحاد کی حفاظت کی دعوت دی اور فرمایا کہ دو دھڑے، دو محاذ اور دو فرقے بنا دینا دشمن کا مہلک حربہ ہے جسے وہ استعمال کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دوسرے معاشروں کی طرح ہمارے معاشرے میں بھی کچھ خرابیاں اور کج روی ہے تاہم ایران کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے عوام کی مجموعی پیش قدمی کے عمل کو دیکھنا چاہئے اور عوام کی مجموعی پیش قدمی کا عمل بہت اچھا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے محکمہ پولیس کے سیاسی و مذہبی شعبے کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور محکمہ پولیس کے اندر دینی جذبات کی ظریفانہ تقویت کی مساعی کو قابل قدر قرار دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے محکمہ پولیس کے کمانڈروں اور اہلکاروں کے اہل خانہ کے صبر و بردباری کی بھی تعریف کی جو ان اہلکاروں کی کارکردگی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے پہلے محکمہ پولیس کے سربراہ جنرل اشتری نے ماہ شعبان میں خاندان عصمت و طہارت کی ہستیوں کی ولادت کے ایام کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سرحدوں کی نگرانی و حفاظت، شرپسند عناصر، دہشت گردوں اور اسمگلروں کا مقابلہ گوناگوں سسٹموں کی جدیدکاری، سڑک کے حادثات میں جانی نقصان کی شرح کو کم کرنا، تمام شعبوں میں نظم و ضبط قائم کرنے پر توجہ، افرادی قوت کی حفاظت اور استقامی معیشت کو جامہ عمل پہنانے میں تعاون محکمہ پولیس کی اہم سرگرمیاں اور منصوبے ہیں۔