بسم اللہ الرحمن الرحیم

برادر عزیز، حجت الاسلام جناب سید حسن نصر اللہ؛

 برادر مجاہد، مخلص و فداکار جناب الحاج مغنیہ کی شہادت، خود ان کے لئے کہ جو سراپا عشق و شوق جہاد فی سبیل اللہ تھے، عظیم کامیابی اور سعادت انگیز انجام ہے اور ملت لبنان کے لئے، جس نے ایسی عظیم ہستیوں کی پرورش کرکے انہیں ظلم و ستم کے مقابلے اور آزادی کی برقراری کے لئے پیش کیا، باعث سرافرازی و افتخار ہے۔
 اس آزاد منش، فداکار اور فرزانہ شخصیت سے محرومی اگرچہ تمام نجیب انسانوں اور ان افراد کے لئے جو ان سے آشنا تھے بالخصوص ان کے والدین، زوجہ اور اولاد نیز دوستوں کے لئے دردناک ہے، لیکن ان کے جیسی شخصیتوں کی موت و زندگی شجاعت کی ایسی داستان ہے جو قوموں کو بیدار کرتی ہے، نوجوانوں کو نمونہ عمل پیش کرتی ہے، نئے افق کی نشاندہی اور اس تک رسائی کی راہ ایجاد کرتی ہے۔
 جرائم پیشہ اور خوں خوار صیہونیوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ عماد مغنیہ جیسے شہیدوں کا پاکیزہ خون سیکڑوں عماد مغنیہ پیدا کرتا ہے اور ظلم و فساد و طغیان کے خلاف جدوجہد کو جلا بخشتا ہے۔ اس بزرگوار شہید کے مانند شخصیات اپنی زندگی، آرام و آسائش اور جملہ مادی وسائل کو مظلوم کے دفاع اور ظلم و سامراج کے خلاف جنگ کے لئے نثار کر دیتی ہیں۔ یہ عظیم عمل ہے جسے انسانی ضمیر سلام کرتا ہے۔ خوشنودی پروردگار، ان کے اور تمام مجاہدین راہ حق کے شامل حال ہو۔
میں آپ ، اس عظیم شہید کے اہل خانہ، حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت کے سربلند سپاہیوں اور لبنانی عوام کی خدمت میں، اس عظیم شہادت کی مبارکباد اور تعزیت پیش کرتا ہوں۔