ہجری شمسی مطابق 14 جولائی 2012 عیسوی

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک حکم جاری کرکے حجت الاسلام و المسلمین محسن اراکی کو عالمی کونسل برائے تقریب مذاہب اسلامی کا سربراہ اور حجت الاسلام و المسلمین محمد علی تسخیری کو عالم اسلام کے امور میں قائد انقلاب کا مشیر اعلی منصوب فرمایا۔
قائد انقلاب اسلامی کے حکمنامے کے متن کا اردو ترجمہ حسب ذیل ہے۔؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حجت الاسلام و المسلمین الحاج جناب شیخ محسن اراکی دامت توفیقاتکم
اس وقت جب حجت الاسلام و المسلمین جناب الحاج شیخ محمد علی تسخیری ایک عشرے کی تحسین انگیز خدمات انجام دینے کے بعد عالمی کونسل برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ کے منصب سے مستعفی ہو گئے ہیں، کونسل کی اعلی کمیٹی کی تجویز کے مطابق جناب عالی کو جو بے پناہ علمی و عملی تجربات سے بہرہ مند ہیں عالمی کونسل برائے تقریب مذاہب اسلامی کا سربراہ منصوب کرتا ہوں۔
ایسے حالات میں جب اسلامی بیداری اور اس کے نتیجے میں رونما ہونے والے حیرت انگیز تغیرات نے عالم اسلام کو تاریخ کے انتہائی حساس موڑ پر پہنچا دیا ہے، اس بابرکت تحریک کی کامیابی اور پھر اس کامیابی کے تحفظ کے لئے امت مسلمہ کا اتحاد اور مذاہب اسلامی کی باہمی قربت بنیادی ہدف ہے۔
دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کی سربراہی میں اسلام دشمن طاقتیں اور کفر و نفاق کے عمائدین جہاد و مزاحمت کی موجودہ صورت کو فرزندان اسلام کی ٹارگٹ کلنگ اور ان کے خلاف کفر کے فتوؤں کی تحریک میں تبدیل کر دینے اور بالفاظ دیگر شیعہ سنی تنازعے کو مسلم اقوام کے مشغلے کی حیثیت سے عالم اسلام پر مسلط کر دینے کے در پے ہیں اور اس طرح بزعم خود عالم اسلام کے تمام مادی و روحانی امور کو اپنے اختیار میں لینے کے لئے کوشاں ہیں۔
اس حساس اور نازک دور میں عالمی کونسل برائے تقریب مذاہب اسلامی سے توقع ہے کہ ماضی کے گراں قدر تجربات اور موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق عالم اسلام بالخصوص یونیورسٹیوں اور دینی تعلیمی مراکز کے مفکرین اور ممتاز شخصیات کے تعاون سے خلاقانہ اور جدت پسندانہ اقدامت کے ذریعے اسلامی اتحاد کی ڈپلومیسی کو اپنی اہم ترین اسٹریٹیجی قرار دے اور استکباری محاذ کے مد مقابل متحد مسلم امہ کی تشکیل کو اپنا نصب العین بنائے۔
اللہ تعالی سے آپ کی اور آپ کے رفقائے کار کی توفیقات میں اضافے کا طالب ہوں۔
سيّدعلی خامنه‌ای
۲۰ تیر ماه ۱۳۹۱
(مطابق 10 جولائی 2012 عیسوی)
قائد انقلاب اسلامی نے حجت الاسلام و المسلمین جناب محمد علی تسخیری کی ایک عشرے کی قابل قدر خدمات کو سراہا اور انہیں عالم اسلام کے امور میں اپنا مشیر اعلی مقرر فرمایا۔