قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتہ دفاع مقدس اور شہیدوں کی قدردانی کے قومی دن کی مناسبت سے ایک پیغام میں شہیدوں کو جہاد فی سبیل اللہ کے دور کے حیرت انگیز تغیرات اور پرکشش فضا کا آئينہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ تمام میدانوں میں کامیابی کا راز ایثار اور جذبہ قربانی ہے اور ایثار پیشہ و فداکار انسان ہی اپنی قوم کو شکوہ و عظمت کی بلندی پر لے جاتے ہیں۔

قائد انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم
مقدس دفاع کے ایام میں سے ایک دن کی پیشانی پر درج شہیدوں کے مبارک نام نے اس دن کو اس دور کے یادگار دنوں کے نقطہ اوج کی مانند نمایاں اور ممتاز کر دیا ہے۔ کیونکہ شہدا جہاد فی سبیل اللہ کے دور کے حیرت انگیز تغیرات اور پرکشش فضا کا آئينہ ہیں۔ تمام میدانوں میں کامیابی کا راز ایثار اور جذبہ قربانی ہے اور ایثار پیشہ و فداکار انسان ہی اپنی قوم کو شکوہ و عظمت کی بلندی پر لے جاتے ہیں۔ حقیر مادی رغبتوں اور چاہتوں سے نجات ان انسانوں کو یہ حیرت انگیز توانائی عطا کرتی ہے اور یہ ما ورائی طاقت انہیں بخشتی ہے۔

ہمارے عزیز شہدا اور ان کے قابل احترام صابر لواحقین جنہوں نے اللہ کے لئے مادی دنیا کے اپنے سب سے نفیس سرمائے سے چشم پوشی کر لی، ان انسانوں میں سب سے پیش پیش ہیں۔

ان پر اللہ تعالی، اس کے فرشتوں اور نیک بندوں کا سلام ہو۔

سيد علی خامنه‌ای
۶ مهر ۱۳۹۱
(27ستمبر 2012)