رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک حکم جاری کرکے دار العلوم خراسان کے زعیم اور سپریم کونسل کے سکریٹری اور ارکان کو منصوب کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی کا حکمنامہ حسب ذیل ہے؛
 
بسم ‌الله ‌الرّحمن ‌الرّحیم
 
مشہد مقدس کی دینی درسگاہ مکتب تشیع کا انتہائی قدیمی اور بڑا ثمر بخش علمی مرکز اور صدیوں سے اسلامی علوم عقلیہ و نقلیہ کے میدانوں کی نامور شخصیات کی پرورش کا گہوارا رہا ہے۔ بارگاہ امام رضا علیہ الاف التحیۃ و الثنا کے جوار میں واقع ہونے کی وجہ سے علم و معرفت کے اس دیار کی جانب دیگر دینی درسگاہوں سے بھی ممتاز علماء کھنچے چلے آتے ہیں اور مختلف ادوار میں اس کے گراں قدر سرمائے میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔
اس وقت اپنے طویل اور کم نظیر علمی، تاریخی اور سیاسی تجربات کے ساتھ یہ دینی درسگاہ اسلامی انقلاب کے بعد معیار اور دائرے کے اعتبار سے قابل لحاظ وسعت حاصل کر چکی ہے اور گوناگوں اسلامی موضوعات کے محققین اور علما کی پرورش کی مناسب استعداد اور گنجائش پیدا ہو چکی ہے۔
اس استعداد اور ظرفیت کی مزید شگوفائی کے لئے جامع اور ترقی پذیر انتظامی اقدامات کی ضرورت ہے، اسی بنیاد پر آیات عظام اور حجج اسلام جناب سید حسن مرتضوی، الحاج شیخ رجب علی رضازادے، الحاج شیخ مہدی مروارید جو صوبے میں نمائندہ ولی فقیہ بھی ہیں، الحاج شیخ محمد باقر فرزانہ اور الحاج سید مصباح عاملی کو دار العلوم کی سپریم کونسل کے ارکان اور جانب فرزانہ صاحب کو اس کونسل کا سکریٹری جبکہ جناب عاملی کو دینی درسگاہ کا زعیم منصوب کرتا ہوں۔
توقع کی جاتی ہے کہ یہ کامل اور کارآمد ترکیبی ڈھانچہ معینہ مدت رکھنے والے منصوبوں کے ذریعے اسلامی سماج کی ضرورت کے تمام میدانوں منجملہ فقہ، کلام، تفسیر اور حدیث میں درجنوں نظریہ پردازوں، سیکڑوں محققین، مصنفین، مقررین، قضات اور دیگر اسلامی علمی و سماجی امور کے ذمہ داروں کے ظہور اور بالیدگی کی زمین ہموار کرے گا۔ یہاں ضروری سمجھتا ہوں کہ اس اہم فریضے کے تعلق سے جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ طبسی مرحوم رضوان اللہ تعالی علیہ کی گراں قدر خدمات کو یاد کروں اور مرحوم کے لئے بارگاہ خداوندی میں بلندی درجات کی دعا کروں۔
 
و السلام علیکم و رحمة ‌الله
سیّد علی خامنه‌ای
۱۸ اسفند ماه ۱۳۹۴ (ہجری شمسی مطابق 8 مارچ 2016)