تہران کے حسینیہ امام خمینی میں صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شب شہادت کی مجلس بدھ کی رات منعقد ہوئی جس میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای شریک ہوئے۔ شب شہادت کی مجلس معروف مقرر حجت الاسلام و المسلمین ناصر رفیعی نے پڑھی۔ انھوں نے حضرت زہرا کے خانوادے کو ایک مثالی مسلم گھرانا قرار دیا۔

حجت الاسلام رفیعی نے کہا کہ تمام امور میں اللہ کی خوشنودی کو محور قرار دینا، دینی تربیت، افراد خانہ کے حقوق کا پاس و لحاظ، سادہ زیستی، اسراف سے پرہیز، اس کے علاوہ اخلاقی اقدار جیسے صداقت، امانت داری اور وفاداری و مہر و محبت کا ماحول 'فاطمی خانوادے' کے صفات ہیں۔ حجت الاسلام رفیعی نے تقریر کے آخری حصے میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب پڑھے اور دعائیہ کلمات پر مجلس ختم کی۔ حجت الاسلام رفیعی کی تقریر کے بعد جناب محمود کریمی نے نوحہ اور رثائی کلام پیش کیا۔