بسم اللہ الرحمن الرحیم
میری پیاری بچیو! سب سے پہلے تو یہ کہ آپ کا نغمہ بہت اچھا تھا، اس کے اشعار بھی اچھے تھے، اس کا آہنگ بھی اچھا تھا اور آپ لوگوں نے اسے پڑھا بھی بڑے دلکش انداز میں۔ میں آپ کے جشن عبادت پر آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، امیر المومنین علیہ السلام کی ولادت با سعادت کا بھی اپنی عزیز بچیوں کی خدمت میں ہدیۂ تبریک پیش کرتا ہوں۔ اللہ آپ سب کو کامیاب کرے۔ میری عزیز بچیو، پیاری کلیو! آپ نے آج رات اپنی واجب نماز، اس امام بارگاہ میں جماعت سے ادا کی، ان شاء اللہ خدا قبول کرے۔
عبادات کے وجوب کا جشن، ذمہ دار بننے کا جشن
میری پیاری بچیو! عبادتوں کے شرعی طور پر واجب ہونے کا جشن، ایک حقیقی جشن ہے، واقعی جشن ہے، واقعی عید ہے۔ کیوں؟ اس لیے کہ جس لمحے آپ پر شرعی طور پر عبادتیں واجب ہوتی ہیں، اسی وقت سے آپ خداوند عالم سے ہمکلام ہوتی ہیں اور وہ آپ سے بات کرتا ہے، یعنی آپ میں یہ صلاحیت پیدا ہو گئي ہے کہ خداوند عالم آپ سے بات کرے، آپ کو شرعی حکم دے اور آپ اسے بجا لائیں، یہ عالم انسانیت کا ایک گرانقدر مرتبہ ہے کہ انسان، اللہ تعالی کا مخاطب قرار پائے، خداوند عالم، انسان سے بات کرے۔ جشن عبادت کا مطلب یہ ہے کہ اب آپ بچیاں نہیں رہ گئی ہیں، نوجوان ہو گئي ہیں، ذمہ داری قبول کرنے کے لائق ہو گئي ہیں اور اپنے گھر میں، اپنے اسکول میں، دوستوں کے ساتھ کھیل کے میدان میں آپ اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ آپ دوسروں کی بھی سیدھے راستے کی طرف ہدایت کر سکتی ہیں، رہنمائي کر سکتی ہیں، یہ وہ ذمہ داری ہے جو ہم سب کے کندھوں پر ہے۔ آپ جیسی لڑکی میں، جس پر ابھی ابھی شرعی لحاظ سے عبادتیں واجب ہوئي ہیں اور ایک بڑی عورت یا ضعیف مرد میں، خداوند عالم کی نظر میں عبادت کے وجوب کے لحاظ سے کوئي فرق نہیں ہے۔
نماز میں توجہ اور شرعی احکام کی تعمیل اللہ سے دوستی کی راہیں
آپ پیاری بچیوں کو، اپنی عزیز بچیوں کو میں جو نصیحت کرنا چاہتا ہوں، وہ یہ ہے کہ خدا سے دوستی کیجیے۔ کوشش کیجیے کہ بچپن کے آغاز سے ہی، خدائے مہربان کی دوست بن جائيے۔ اللہ سے دوستی کیسے ہو؟ اللہ سے دوستی کا ایک راستہ تو یہی ہے جو آپ نماز میں اس سے بات کرتی ہیں، اس بات پر توجہ رکھیے کہ آپ اللہ سے بات کر رہی ہیں، نماز کے ان الفاظ کے معانی کو سمجھئے، سورۂ حمد، دوسرے سورے اور جو کچھ رکوع و سجود میں آپ پڑھتی ہیں، اس کا ترجمہ اپنے بڑوں سے اور اپنے ٹیچروں سے سیکھیے۔ جب آپ نماز پڑھتی ہیں تو اس طرح نماز پڑھیے کہ آپ گویا اللہ سے باتیں کر رہی ہیں، اس طرح اللہ سے دوستی ہو جاتی ہے، اس سے دوستی کی راہوں میں سے ایک یہ ہے۔ خدا سے دوستی کا ایک راستہ یہ بھی ہے کہ اس بات کا خیال رکھیے کہ جن چیزوں سے اللہ نے روکا ہے، انھیں مت کیجیے، جن چیزوں کو کرنے کے لیے اللہ نے کہا ہے، انھیں انجام دیجیے۔ اللہ سے دوستی کا راستہ یہ ہے، آج آپ کے دل روشن ہیں، نورانی ہیں، پاکیزہ ہیں، آپ آج ہی سے اللہ کی دوست بن سکتی ہیں۔
موجودہ دور میں مختلف میدانوں کی عظیم خواتین کی رسائی اور کامیابی کی راہ
ابھی آپ نے اپنے نغمے میں، آپ نے بڑی خوبصورتی سے اسے دوہرایا ہے۔ آپ نے کہا کہ یہ ایران ہے۔ آپ کا ملک، آپ کے عزیز ایران میں ماضی میں عظیم خواتین گزری ہیں اور میں آپ کو بتاؤں کہ آج ہماری ممتاز خواتین، ماضی سے کہیں زیادہ ہیں۔ ہمارے تمام علمی، عملی، جہادی، بڑی ذمہ داریوں والے اور انتظامی شعبوں میں اہم اور ممتاز خواتین موجود ہیں، یہ ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ ملک کی نمایاں خواتین - ہر ملک میں نمایاں خواتین ہونی چاہیے - باعث افتخار ہیں اور ہمارے ملک میں ایسی خواتین زیادہ ہیں۔ آپ کوشش کیجیے کہ ان خواتین کی صف میں آ جائيں۔ کیسے؟ درس پڑھیے، اپنے سبق اچھی طرح پڑھیے، ہوم ورک اچھی طرح کیجیے، کام کیجیے، سوچیے، کتاب پڑھیے تاکہ ان شاء اللہ آگے چل کر عظیم خواتین کی صف میں شامل ہو جائيے۔
میری دعا ہے کہ خداوند عالم آپ سب کو کامیاب کرے۔ آپ اس عظیم جدوجہد میں، جسے ایرانی قوم نے انقلاب کے دوران، ظلم، بدبختی اور امتیازی سلوک کے خلاف شروع کیا ہے، کردار ادا کر سکتی ہیں، جیسا کہ اس سے پہلے بھی بہت سی خواتین نے کردار ادا کیا ہے اور کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں اور آج ان کے کاموں کے بارے میں کتابیں لکھی گئي ہیں، شائع کی گئي ہیں۔ ملک میں انقلاب کے ان برسوں کے دوران نمایاں خواتین کی کوششوں اور زحمتوں کے بارے میں لوگ پڑھ رہے ہیں۔ ان شاء اللہ، آپ بھی ان کی صف میں شامل ہو جائیے۔
قبل اس کے کہ اب ہم اپنی عشاء کی نماز شروع کریں، بلند آواز سے صلوات پڑھیے۔