اسکولی بچوں نے جو اربعین کی زیارت کے لئے روانہ ہونے والے تھے رہبر انقلاب اسلامی کو محبت آمیز خط لکھا اور ان سے درخواست کی کہ زیارت کو زیادہ ثمر بخش اور پر بار بنانے کے لئے اپنی سفارشات کا ذکر کریں۔
بچوں کے خط کے جواب میں رہبر انقلاب اسلامی نے اربعین کی پیدل زیارت کو 'مقدس پیادہ روی' سے تعبیر کیا اور اسکولی بچوں سے کہا کہ اس پیدل زیارت میں اللہ سے توسل اور اس کی جانب توجہ، اسی طرح امام حسین علیہ السلام کے جہاد کے بارے میں غور و فکر کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیں۔
اسکولی بچوں کا خط:
بخدمت پدر مہربان عزیز تر از جان رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای
سلام علیکم
خدائے منان کے لطف اور امیر المومنین اور سید الشہدا کی مدد سے آپ کے کچھ فرزندوں کو اجتماعی طور پر اربعین کی زیارت کے لئے جانے کا موقع ملا ہے۔
پدر گرامی و مہربان! ہماری استدعا ہے کہ اس روحانی سفر اور 'خیر کثیر' کے موقع پر اس زیارت کے بنحو احسن انجام پانے اور اس گراں قدر پیادہ روی کو زیادہ پر بار بنانے کے لئے اپنی شفقت آمیز رہنمائیوں اور عنایتوں سے نوازیں!
ہماری یہ جماعت اور آپ کے تمام فرزند اور پیروکار ہمیشہ آپ کے قیمتی و مایہ ناز وجود کے لئے دعا گو ہیں۔
***
رہبر انقلاب اسلامی نے اس خط کے جواب میں لکھا:
بسمہ تعالی
عزیزو! آپ کی زیارت قبول ہو، اس مقدس پیادہ روی میں توجہ اور توسل کا موقع، نیز سید الشہدا علیہ السلام کے جہاد، ان کے ہدف اور اللہ نے ان کی عظیم قربانی کو جو برکتیں عطا کیں ان کے بارے میں غور و خوض کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیجئے۔
وہی ہدف ہر مومن انسان کا نصب العین ہونا چاہئے۔ اللہ تعالی سے توفیق و ہدایت کی دعا کیجئے اور اس مقصد کی راہ میں ثابت قدم رہئے۔
سید علی خامنہ ای