رہبر انقلاب اسلامی نے سنیچر کی صبح نائجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات میں، ان کے اور ان کے گھر والوں کی مجاہدتوں کو سراہتے ہوئے، وسیع پیمانے پر سازشوں کے باوجود دنیا میں روز بروز بڑھتی اسلام کی طاقت کو، مجاہدتوں کا نتیجہ بتایا اور مقبوضہ فلسطین کے حالات، خاص طور پر غزہ کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام کی طاقت کا ایک مظہر یہی حالات ہیں جو فلسطین میں رونما ہو رہے ہیں۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطین کے حالیہ دنوں کے واقعات خاص طور پر بمباری اور عورتوں، بچوں اور مردوں کی شہادت، انسان کے دل کو مجروح کر دیتی ہے لیکن ان واقعات کا دوسرا رخ، فلسطین میں اسلام کی ناقابل یقین طاقت کی عکاسی کرتا ہے اور خداوند عالم کے لطف و کرم سے فلسطین میں جو یہ کام شروع ہوا ہے، آگے بڑھے گا اور فلسطینیوں کی مکمل فتح پر منتج ہوگا۔
آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ عالم اسلام میں سبھی کا فریضہ ہے کہ فلسطینیوں کی مدد کریں۔
انھوں نے ایران میں اسلامی نظام کی تشکیل اور صدیوں بعد سیاسی اسلام کے نظریے کی بنا پر ایک حکومت کے قیام کو اسلام کی طاقت کا ایک رخ بتایا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ، اپنی تشکیل کے وقت سے لے کر اب تک روز بروز زیادہ طاقتور ہوتی گئي ہے اور مستقبل میں اور بھی زیادہ طاقتور ہوگي۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ دنیا میں اسلامی سرگرمیاں روز بروز پھیلتی جا رہی ہیں اور آج افریقا، ایشیا، یورپ، شمالی امریکا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اسلامی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور خداوند عالم کے لطف و کرم سے ان کی کامیابیاں زیادہ طاقت کے ساتھ جاری رہیں گي۔
انھوں نے اسی طرح شیخ زکزکی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کو بہت ہی مسرت بخش بتایا اور کہا کہ آپ اللہ کی راہ کے حقیقی مجاہد کے مصداق ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آپ اپنی مجاہدت جاری رکھ سکیں گے۔
اس ملاقات میں نائجیریا کے مجاہد عالم دین حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ نے بھی اس ملاقات پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جذبات کو ناقابل بیان قرار دیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ کی دعاؤں اور مسلمانوں کی کوششوں اور جدوجہد سے، اسلام کو روز بروز زیادہ فروغ حاصل ہوگا۔
14 اکتوبر 2023