انھوں نے زور دے کر کہا کہ مجھے نوجوانوں اور ان کے جوش و جذبے پر پورا بھروسہ ہے اور میں آپ کو ایک عظیم ثروت سمجھتا ہوں جس کی قدروقیمت، آپ کے پرافتخار میڈلز سے کہیں زیادہ ہے۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے ملک میں تبدیلی لانے یہاں تک کہ تاریخ کا دھارا موڑنے اور سو فیصد مطلوبہ ماحول بنانے میں موثر غیر معمولی صلاحیت والے نوجوانوں کی توانائي کو ان کی بہت اہم خصوصیت بتایا اور کہا کہ افراد نے، سیاستدانوں اور حکام کے معنی میں نہیں بلکہ فکری، اخلاقی اور معنوی صلاحیت کے حامل عناصر کے معنی میں، ایران کی تاریخ کے ایک دور میں ایران کو قابل رشک شکوہ و عظمت تک پہنچایا ہے۔ 
انھوں نے ایران پر تقریبا دو سو سالہ برطانوی اور پھر امریکی سیاست کے تسلط کے زمانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں ہماری ثقافت اور علمی پیشرفت قریب قریب تباہ ہو گئي اور سیاسی لحاظ سے ایران کو نچلی سطح پر روکے رکھا گيا لیکن انقلاب نے افرادی قوت پر بھروسہ کر کے جن میں زیادہ تر جوان تھے، اس سیاست کی بساط لپیٹ دی اور مختلف میدانوں میں زبردست ترقی کی۔ 
آيت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے سنہ دو ہزار کے عشرے میں زبردست علمی و سائنسی تحریک کے آغاز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں ایک علمی و سائنسی جست کی ضرورت ہے تاکہ ہم عالمی سطح پر علم و سائنس کی فرنٹ لائن پر پہنچ سکیں اور یہ چیز ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کی کوشش اور اس کے لیے عمومی ماحول سازی سے ممکن ہوگی۔ 
انھوں نے ملک کی سیاسی خودمختاری کو ایک بخوبی محسوس ہونے والی حقیقت بتایا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ دنیا کے اہم مسائل کے بارے میں اہم پوزیشن، موقف اور استدلال رکھتی ہیں جنھیں ہمارے مخالفین تک اہمیت دیتے ہیں۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دے کر کہا کہ اس سیاسی خود مختاری کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے اور جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئے، وہ اس کی حفاظت کرے۔ 
انھوں نے الیکشن اور اس میں عوام کی بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو بہت زیادہ اہم بتایا۔