بسم اللہ الرحمن الرحیم
خدا کا شکر ہے، اسلام کا محاذ اور مزاحمت کا محاذ کبھی بھی اس حد تک کامیاب، سر بلند اور فاتح نہیں تھا، الحمد للہ۔ کفر کا محاذ اور عالمی سامراج، دنیا کا سب سے بڑا غنڈہ امریکا اور اس کا پاگل کتا، صیہونی حکومت بھی کبھی اتنے ذلیل، خوار اور رسوا نہیں رہے ہیں۔ پروردگار عالم کا شکر ہے کہ شہداء اور ہمارے بزرگ شہداء، الحاج قاسم سلیمانی، مزاحمتی محاذ کے شہداء، سید حسن نصر اللہ، اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار، یہ سب زیادہ بڑی فتوحات کی خوش خبری دے رہیں، ان شاء اللہ۔
ایک سوال کیا گيا تھا اور ہمارے عزیز رہبر معظم کی رائے معلوم کی گئي تھی کہ اس طرح کے حالات میں، مزاحمتی محاذ کی زیادہ بڑی فتوحات کے لیے، مزاحمت کے پورے خطے میں خاص طور پر فلسطین، غزہ اور لبنان کے علاقے میں ہمارے لیے کون سی دعا پڑھنا بہتر ہے۔ یہ سوال کیا گيا تھا۔ میں نے پوچھ تاچھ کی اور مجھے پتہ چلا کہ رہبر عزیز کی رائے یہ ہے کہ:
قرآن مجید سے سورۂ فتح کی تلاوت کی جائے جس میں بڑی بڑی بشارتیں ہیں، فتوحات کی، راستے کھلنے کی، نصرت الہی کی، یہ خوش خبریاں سورۂ مبارک فتح میں ہیں۔
دعاؤں کے بارے میں انھوں نے فرمایا ہے کہ صحیفۂ سجادیہ کی چودھویں دعا پڑھی جائے۔ اس دعا میں بھی خداوند متعال سے بڑے بڑے اور سنگین مظالم کے مقابلے میں مدد اور نصرت کی درخواست ہے۔ اس دعا کے ایک حصے میں نام لیا جاتا ہے، جہاں فرمایا گيا ہے کہ "فلان ابن فلان" آپ لوگ جو ان شاء اللہ یہ دعا پڑھیں گے، اس نام کی جگہ صیہونیوں اور امریکا وغیرہ کا نام لیجیے۔ یہ بہت ہی اعلیٰ اور بہترین مفاہیم والی دعا ہے جس میں ہم ظالموں کے شر سے خداوند عالم کی پناہ مانگ رہے ہیں اور جس خدا نے مظلومین کی مدد کا وعدہ کیا ہے، اس دعا میں اس سے ہم یہ التجا کر رہے ہیں۔
اسی طرح انھوں نے فرمایا ہے کہ دعائے توسل پڑھی جائے کیونکہ ہمیں خداوند عالم کے سامنے اہلبیت علیہم السلام کے نورانی ناموں کا ذکر کرنا چاہیے اور ان کی پاکیزہ ارواح سے مدد مانگنی چاہیے۔ ان شاء اللہ، ان کے ناموں کی برکت اور ان کے مقدس وجود، حقیقت اور نورانیت کی برکت اور اپنے لطف و کرم سے خداوند عالم، امت مسلمہ اور مزاحمتی محاذ کے لیے اس سے بھی زیادہ نصرت، فتح اور کامیابی عطا کرے گا۔
ہم نے اس مقدس جگہ سے اور مزاحمتی محاذ کے عظیم اور عالی رتبہ شہید، الحاج قاسم سلیمانی کے مزار کے پاس سے، اس سوال کے سلسلے میں اپنی جان سے زیادہ عزیز اپنے رہبر کا جواب پیش کر دیا ہے، ان شاء اللہ یہ جواب خیر و برکت کا سرچشمہ ثابت ہوگا۔ ہمیشہ ہی، عمل، آپریشن اور اقدام کے ساتھ دعا، امور کو انجام تک پہنچانے والی ہے۔ قرآن مجید اور حقیقت وحی اور قرآن کی نورانیت کی پناہ میں جانا اور اہلبیت علیہم السلام سے توسل، ان شاء اللہ ہمیشہ ہی کاموں کو ہموار کرے گا اور بڑی فتوحات اور کامیابیوں پر منتج ہوگا۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ