ایک مثال یہی اربعین کا پیدل سفر ہے۔ یہ واقعی بڑی عجیب چیز ہے، ایک خدائی شئے ہے، ایک روحانی شئے ہے۔ واقعی یہ قابل بیان نہیں ہے۔ بالکل خدائی حقائق کی مانند جو ناقابل تشریح ہوتے ہیں، یعنی اس واقعے کا تجزیہ کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔ اس انداز سے دسیوں لاکھ افراد کا یہ مجمع روانہ ہو جاتا ہے۔ چند برسوں کے اندر یہ حقیقت منصہ ظہور پر آ گئی۔ بے شک ماضی میں بھی (کربلا کا) پیدل سفر کیا جاتا تھا، لیکن یہ حالات نہیں تھے۔ ہمیں اطلاع ہے کہ اربعین کے موقع پر بھی اور دیگر مواقع پر بھی، البتہ خاص طور پر اربعین اور کچھ دیگر مناسبتوں پر دینی طلبہ نجف اور عراق کے دیگر علاقوں سے جاتے تھے، اچھی خاصی تعداد میں جاتے تھے۔ لیکن دنیا بھر سے کروڑوں افراد کا مجمع، ایران سے دسیوں لاکھ افراد، عراق اور دیگر ممالک سے دسیوں لاکھ افراد کا جمع ہونا، وہ بھی دہشت گردی کے خطرات کے باوجود جو پہلے بھی تھے اور آج بھی ہیں، بہت عظیم اور غیر معمولی چیز ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے۔ یہ راہ خدا میں اور راہ اسلام میں جدوجہد کی فکر اور اس راہ میں عمومی اور ہمہ گیر آمادگی کے نقطہ اوج پر پہنچ جانے کی علامت ہے۔ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی اس عمل اور عوام کو اپنی برکتوں سے نوازے۔

 یہاں جو اربعین کے پیدل مارچ کا ذکر ہوا، ہم اس عمل کی قبولیت کی دعا کے ساتھ ہی ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے اس سال اس پیادہ سفر میں شرکت کی۔ میں عراق کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرنا لازمی سمجھتا ہوں جس نے اس عمل کی انجام دہی کے اسباب و وسائل فراہم کئے۔ عراق کے عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ان ایام میں، اس ایک ہفتے بلکہ اس سے زیادہ وقت کے دوران حضرت ابو عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے زائرین اور پیادہ سفر کرنے والوں کی اس خلوص و خندہ پیشانی سے پذیرائی کو اپنا فریضہ مان کا انجام دیا۔ اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ان کی قسمت میں صرف خیر و نیکی لکھے۔ ضروری سمجھتا ہوں کہ عراق کے مجاہد نوجوانوں، الحشد الشعبی (عوامی رضاکار فورس) اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کروں جنھوں نے اس پروگرام کو سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرنے میں رول ادا کیا اور کامیابی کے ساتھ زائرین کی حفاظت کی۔ نجف اور کربلا میں مقدس مقامات کی انتظامیہ کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے لوگوں کے لئے ضروری وسائل فراہم کئے۔ دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی انھیں بھی اور اس عظیم مارچ اور اس میں شامل تمام افراد کو برکتوں، الطاف اور عنایات سے نوازے تاکہ وہ اس عمل کو بہترین انداز میں آگے بھی ان شاء اللہ جاری رکھیں۔