صحافی: آپ کا شکر گزار ہوں، ماضی کی طرح اور گزشتہ انتخابات کی طرح اس دفعہ بھی جناب عالی نے ووٹنگ کا وقت شروع ہونے کے ابتدائی لمحات میں بیلٹ باکس کے پاس پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالا۔ اس وقت یہاں امام خمینی امام بارگاہ میں آپ کو دسیوں لاکھ ایرانی دیکھ رہے ہیں۔ آپ فرمائيے کہ انتخابات کے تعلق سے اسلامی مملکت ایران کے غیور و سرفراز عوام کے لئے اس تاریخی اور فیصلہ کن دن آپ کا پیغام کیا ہے؟

رہبر انقلاب: بسم اللہ الرحمن الرحیم پہلی بات تو یہ ہے کہ انتخابات ایک قومی جشن ہے۔ میں ملک بھر میں اپنے تمام ہم وطنوں کو اس جشن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دوسرے یہ کہ یہ ملت کے مدنی حق کو بروئے کار لانے کا دن ہے اس دن عوام آکر اپنا ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں اور ملکی امور کے انتظامات میں اپنی شرکت کو جو ان کا مسلمہ حق ہے، عملی شکل دینا چاہتے ہیں۔ تیسرے یہ کہ یہ ایک شرعی فریضہ بھی ہے۔ ہم یہ بات پہلے بھی عرض کر چکے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ انتخابات ملک کے قومی مفادات کے ضامن ہیں۔ جسے بھی ملک کے قومی مفادات سے لگاؤ ہے اسے چاہئے کہ انتخابات میں شرکت کرے۔

میری سفارش ہے کہ ایک تو سب بلند ہمتی کے ساتھ آگے بڑھیں، آکر اپنے مد نظر افراد کو ووٹ دیں جن کے بارے میں انھوں نے اپنی رائے قائم کی ہے۔ یہ کام جتنی جلدی ممکن ہو انجام دیں۔ یہ ہماری دائمی سفارش رہی ہے۔ یعنی ووٹ رات کو اور آخری لمحات کے لئے نہ رکھیں۔ شروع میں ہی، دن کے آغاز میں ہی، نصف اول میں ہی آئیں اور اپنا ووٹ ڈالیں تاکہ دن کے آخری وقت میں رائے دہندگان کا مجمع نہ لگ جائے۔ ہر شہر کے لوگ وہاں کے نمائندوں کی  تعداد کے مطابق ووٹ ڈالیں۔ مثال کے طور پر تہران میں واقعی تیس نمائندوں کو ووٹ ڈالیں۔ تیس لوگوں کے نام لکھیں۔ اس سے بڑی مدد ملے گی پارلیمنٹ کو ایک طاقتور پارلیمنٹ بنانے میں۔

اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ملت ایران کو توفیق دے، نیکیاں عطا کرے، اس ملت پر اپنی رحمتیں اور  برکتیں نازل کرے اور ان انتخابات کو بھی اس ملک کے لئے باعث خیر و برکت قرار دے۔

آپ میڈیا کے افراد کا بھی ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ نے زحمت کی اور آئندہ بھی زحمتیں اٹھاتے رہیں گے۔

و السّلام علیکم و رحمة الله و برکاته.

صحافی: جناب عالی میں آپ کا شکر گزار ہوں۔