قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج اسرائیلی عقوبت خانوں سے آزاد ہونے والے بعض افراد سے ملاقات میں قید کے تلخ اور دشوار لمحات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جیل میں آپ نے اپنے صبر و استقامت کے ذریعے اسلامی بیداری کی عالمی اور عظیم تحریک کو کئی قدم آگے بڑھایا ہے اور آپ کی استقامت کے ہر لمحہ کے عوض آپ کو اللہ تعالی کی جانب سے اجر و و ثواب ملا ہے ۔
قائد انقلاب اسلامی نے امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی موجودہ حالت کا، بیس سال قبل کی ان کی پوزیشن سے موازنہ کرتے ہوئے فرمایا: تسلط پسند طاقتیں جو کچھ عرصہ قبل اپنے آپ کو طاقتور خیال کر رہی تھیں اب اپنے سقوط و زوال کا احساس کر رہی ہیں اور مجاہدانہ استقامت کے تسلسل کے ساتھ ہی الہی قدرت و نصرت و فتح کے آثار اور بھی نمایاں ہوں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی اور انبیاء (ع)کا راستہ کبھی ناکامی سے دوچار نہیں ہو سکتا۔ جس طرح خداوند عالم نے لبنانی اور فلسطینی مجاہدین کو صبر و استقامت کی برکت عطا کی اور وہ جنوبی لبنان اور غزہ میں کامیابی سے سرافراز ہوئے انشاءاللہ دوسرے مجاہدین بھی اسی طرح کامیابی سے لطف اندوز ہوںگے۔
اس ملاقات میں صیہونی حکومت کے عقوبت خانوں سے آزادا ہونے والے قیدیوں سمیر قنطار، شیخ عبدالکریم عبید اور مصطفی دیرانی، صدام کی بعثی حکومت کی قید سے آزاد ہونے والے جبار موات کسار اور فاضل الموسوی اور بعض دیگر جابر حکومتوں کی جیلوں سے آزاد ہونے والے قیدی اور ان کے اہل خانہ موجود تھے ۔