نامہ نگار: بسم اللہ الرحمن الرحیم، رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خدمت میں سلام و تہنیت پیش کرتا ہوں۔
رہبر انقلاب: علیکم السلام و رحمۃ اللہ ۔
نامہ نگار: جناب عالی صبح بخیر، ان شاء اللہ آپ کی صحت و عافیت ہمیشہ قائم و دائم رہے۔ اجازت چاہتا ہوں کہ ہم سب کے ولی نعمت امام علی ابن موسی الرضا علیہ آلاف آلتحیۃ و الثناء کے یوم ولادت با سعادت کی پیشگی مبارکباد پیش کروں آپ کی خدمت میں اور عظیم ملت ایران کی خدمت میں۔
جناب عالی! ہمارے عزیز ہم وطنوں کی کثیر تعداد اس وقت قومی نشریاتی ادارے کے مختلف چینلوں، ٹیلی ویزن، ریڈیو نشریات، اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے آپ کی آواز سن رہی ہے اور آپ کو براہ راست دیکھ رہی ہے۔ آپ کی یہ دیرینہ روش ہے کہ ووٹنگ کا وقت شروع ہوتے ہی آپ تشریف لاتے ہیں۔ میری گزارش ہے کہ تیرہویں صدارتی انتخابات، شہری و دیہی کونسلوں کے چھٹے انتخابات، اسی طرح ماہرین اسمبلی اور پارلیمنٹ کے مڈ ٹرم الیکشن کے لئے ووٹنگ کے ان ابتدائی لمحات میں با شرف ملت ایران سے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو ارشاد فرمائیں!
رہبر انقلاب اسلامی: بسم اللّه الرّحمن الرّحیم. و الحمد للہ ه ربّ العالمین و الصّلاۃ و السّلام علی محمّد و آلہ الطاھرین.
انتخابات کا دن ملت ایران کا دن ہے۔ آج کے دن کے مالک و مختار عوام ہیں۔ عوام ہی پولنگ مراکز پر جاکر اور اپنے ووٹ ڈال کر در حقیقت آئندہ برسوں کے لئے ملک کے کلی اور کلیدی معاملات کا تعین کریں گے۔ آج کا دن عوام سے متعلق ہے، آج ملت ایران جو قدم اٹھائے گی اور آج رات تک جو عمل انجام دے گی، پولنگ مراکز پر جانے سے لیکر ووٹ ڈالنے تک وہ ان کے مستقبل کی تعمیر کرنے والا اور آئندہ چند سال کے لئے ملک کا مستقبل طے کرنے والا ہوگا۔ اسی لئے عقل کا تقاضا یہ ہے، خرد انسانی کا یہی تقاضا ہے کہ اس ہمہ گیر قومی امتحان میں سب شرکت کریں۔
ہم جو عوام کو ووٹنگ میں حصہ لینے کی مکرر دعوت دیتے ہیں تو اس شرکت کا فائدہ اور نتیجہ سب سے پہلے خود عوام کو ملتا ہے۔ البتہ عوام کی بھرپور شرکت سے ملک کو بھی بین الاقوامی سطح پر بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ لیکن اس کا سب سے پہلا فائدہ خود عوام کو ملتا ہے۔ آئیے شناخت کے ساتھ انتخاب کیجئے، ووٹ دیجئے۔ یہ چیز تمام افراد کے مستقبل کے لئے اور خود ملک کے مستقبل کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
ایک ایک ووٹ اہم ہے۔ کوئی یہ نہ کہے کہ میرے ایک ووٹ سے کیا ہونے والا ہے۔ نہیں! ایک ووٹ کی بھی اہمیت ہے۔ ایک ایک ووٹ کرکے ملت کے کروڑوں ووٹ جمع ہوتے ہیں۔ میرے خیال میں اللہ کا نام لیکر آپ آگے بڑھئے اور ثواب حاصل کیجئے۔
میری سفارش یہ ہے کہ اس اہم اور ضروری کام کو جتنی جلدی ممکن ہو انجام دیجئے، یہ میری دائمی سفارش ہے۔ ابھی اول وقت ہے، وقت ختم ہونے میں ابھی کئی گھنٹے باقی ہیں لیکن جتنی جلدی اس فریضے کو انجام دیجئے بہتر ہے۔ ان شاء اللہ خداوند عالم کی بارگاہ میں دعا ہے کہ آپ کے ووٹوں میں برکت دے اور آپ اپنے ووٹوں سے اپنے ملک کے لئے اور ملت ایران کی ہر فرد کے لئے اچھا مستقبل تعمیر کر سکیں۔ امید کرتا ہوں کہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی برکت سے آج کا دن، یہ ایام جو عظیم ملت ایران سے تعلق رکھتے ہیں، ملت ایران کے لئے جشن کے ایام بن جائیں گے۔ توفیق الہی سے یقینا ایسا ہی ہوگا۔ اس الیکشن سے ان شاء اللہ ملت ایران کا بھلا ہوگا۔ تمام متعلقہ افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور تاکید کرتا ہوں کہ ملک کے ہر گوشہ و کنار میں یہ کام پوری مضبوطی سے انجام پائے۔ آپ نامہ نگاروں اور فوٹوگرافروں کو تہنیت پیش کرتا ہوں اور آپ کی زحمتوں کی قدردانی کرتا ہوں۔
و السّلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ