رہبر انقلاب اسلامی نے تیرہویں صدارتی انتخابات، شہری و دیہی کونسلوں کے چھٹے انتخابات، پانچویں ماہرین اسمبلی اور گیارہویں پارلیمنٹ کے مڈ ٹرم انتخابات کے لئے ووٹنگ کا وقت شروع ہوتے ہی اپنا ووٹ ڈالا۔
ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی مختصر گفتگو میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج کے دن کے مالک عوام ہیں۔ عوام ہی اپنے ووٹ سے آئندہ برسوں کے لئے ملک کے کلی اور کلیدی معاملات کا تعین کریں گے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنی گفتگو میں ملک کے مستقبل کے تعین میں عوام کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اس دن انتخابات میں عوام کی شرکت عقل کا تقاضا بھی ہے۔ آپ نے مزید فرمایا کہ ہم جو عوام کو ووٹنگ میں حصہ لینے کی مکرر دعوت دیتے ہیں تو اس شرکت کا فائدہ اور نتیجہ سب سے پہلے خود عوام کو ملتا ہے۔ البتہ عوام کی بھرپور شرکت سے ملک کو بھی بین الاقوامی سطح پر بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ تاہم ووٹ ڈالنے کا سب سے پہلا فائدہ خود عوام کو ہی پہنچتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس نکتے پر زور دیا کہ ایک ووٹ بھی اہم ہے اور عوام کو سفارش کی کہ اللہ کا نام لیکر آگے بڑھئے اور یہ کام انجام دیجئے، میری سفارش یہ ہے کہ اس اہم کام کو جلد از جلد انجام دیجئے، جتنی جلدی آپ اس فریضے کو ادا کر دیں گے اتنا ہی بہتر ہوگا۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ انتخابات کا دن ملت ایران کے لئے جشن کا دن قرار پائے گا انتخابات سے عوام کا بھلا ہوگا۔
آخر میں رہبر انقلاب اسلامی نے انتخابات کے عہدیداران و کارکنان اور سامنے موجود نامہ نگاروں کی قدردانی کی۔