مہدویت

رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اہلبیت علیہم السلام پوری تاریخ میں ایسے آفتاب فروزاں رہے ہیں جنھوں نے کرۂ ارض کی انسانیت کو عالم غیب اور عرش الہی سے متصل کیا: "السبب المتصل بین الارض و السماء" (وہ جو زمین و آسمان کے پیوست رہنے کا وسیلہ ہے۔ دعائے ندبہ) پیغمبر اکرم کا گھرانہ، علم کا سرچشمہ، نیک اخلاق کا سرچشمہ، ایثار و قربانی کا سرچشمہ، صداقت و پاکيزگي کا سرچشمہ اور ہر عہد و عصر میں انسان کے وجود کی تمام نیکیوں، زیبائيوں اور درخشندگی کا سرچشمہ رہا ہے، ان میں سے ہر ایک اس طرح کا آفتاب فروزاں رہا ہے۔

انہی میں سے ایک خورشید فروزاں اللہ کے فضل و کرم اور اس کے ارادے سے آج ہمارے زمانے میں بقیۃ اللہ فی ارضہ کے نام سے، حجۃ اللہ علی عبادہ کی حیثیت سے، صاحب الزمان اور اللہ کے مطلق ولی کی حیثیت سے روئے زمین پر موجود ہے۔ ان کے وجود کی برکتیں اور ان کے وجود سے نکلنے والے انوار، آج بھی انسان تک پہنچ رہے ہیں۔

امام خامنہ ای

24/11/1999