بسم اللہ الرحمن الرحیم

خداوند عالم سے درخواست کرتے ہیں، دعا کرتے ہیں کہ وہ آج کے دن کو ایرانی قوم کے لیے مبارک دن قرار دے اور ہمارے عزیز عوام اور انتخابات کے مختلف امور کے منتظمین کی کوششیں ان شاء اللہ مطلوبہ نتائج تک پہنچیں اور یہ الیکشن ایرانی قوم کے حق میں رہے۔ میں دو سفارشات عرض کروں گا اور پھر محترم نامہ نگار کے سوال کا جواب دوں گا۔

اپنے عزیز عوام سے میری پہلی گزارش یہ ہے کہ قرآن مجید نے ہم سے فرمایا ہے: فَاستَبِقُوا الخَیرات(2) نیک کاموں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو، مقابلہ آرائي کرو۔ میں نے پچھلے انتخابات میں بھی کہا تھا اور آج بھی تاکید کرتا ہوں کہ جتنی جلدی ممکن ہو اس موقع سے فائدہ اٹھائیے اور پولنگ کے شروعاتی وقت میں ہی، جتنی جلدی ممکن ہو، جا کر اپنا ووٹ بیلیٹ باکس میں ڈال دیجیے۔

میری دوسری سفارش یہ ہے کہ جس حلقۂ انتخاب میں جتنے امیدواروں کو ووٹ دینا ضروری ہے، اتنی ہی تعداد میں ووٹ دیجیے، اس سے کم ووٹ نہ دیجیے۔ مثال کے طور پر اگر تہران کے حلقۂ انتخاب سے ہمارے لیے ماہرین اسمبلی کے سولہ امیدواروں کو ووٹ دینا ضروری ہے تو سولہ امیدواروں کو ووٹ دیجیے، اس سے کم کو نہیں۔ یا اگر تہران میں پارلیمانی الیکشن میں تیس امیدواروں کو ووٹ دینا ضروری ہے تو تیس لوگوں کو ووٹ دیجیے، اس سے کم لوگوں کو ووٹ نہ دیجیے۔ یہ میری تاکید کے ساتھ گزارش ہے۔

ہماری عزیز قوم کو یہ جان لینا چاہیے کہ آج دنیا کے بہت سے لوگوں کی نگاہیں، چاہے وہ عام لوگ ہوں، چاہے سیاستداں ہوں یا قومی و سیاسی لحاظ سے اہم پوزیشن رکھنے والے لوگ ہوں، آپ پر ہیں۔ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آپ اس الیکشن میں کیا کرتے ہیں اور آپ کے اس الیکشن کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔ ہمارے دوست اور ایرانی قوم سے پیار کرنے والے افراد بھی اور اس کے دشمن اور بدخواہ بھی یہی کر رہے ہیں اور ہر طرف سے ہمارے ملک پر نظریں لگی ہوئی ہیں۔ ہماری عزیز قوم کے مسائل کو دیکھا جا رہا ہے۔ اس پر توجہ رکھیے۔ دوستوں کو خوش اور بدخواہوں کو مایوس کر دیجیے۔

جہاں تک (انتخابات میں شرکت کے بارے میں) آپ کے سوال کی بات ہے کہ تذبذب میں مبتلا لوگوں سے میں کیا کہنا چاہتا ہوں، تو میں یہی کہوں گا کہ "در کار خیر حاجت ہیچ استخارہ نیست" (نیک کام میں کسی استخارے کی کوئي ضرورت نہیں ہے)۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

(1) ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے (آئي آر آئي بی) کے صحافی محمد جعفر خسروی

(2) سورۂ مائدہ، آيت 48