پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی:  
الیکشن عوام کے عزم اور فیصلہ سازی کا مظہر ہے 
پارلیمنٹ جتنی مضبوط ہوگی ملک میں کام کرنے کے امکانات اتنے زیادہ ہوں گے۔  
دوسرے مرحلے کے انتخابات کی اہمیت پہلے مرحلے سے کم نہیں ہے۔  

پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے رہبر انقلاب اسلامی کی گفتگو 
رپورٹر نیشنل میڈیا انسٹی ٹیوٹ: جناب عالی کی خدمت میں سلام و آداب عرض کرتا ہوں، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت اور عشرہ کرامت و سخاوت کے آغاز کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ نے پارلیمنٹ کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرتے وقت باشرف ملت ایران سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا: فاستبقوا الخیرات نیک کاموں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جاؤ اور یہ بھی کہ نیک کام میں استخارے کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن شاید دوسرے راؤ‎نڈ کے انتخابات بعض اہل وطن کی نظر میں زیادہ اہم نہیں ہیں۔ تو آپ دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سلسلے میں عزیز ایرانی عوام کو کیا سفارش کرنا چاہیں گے؟  

آیت اللہ العظمی خامنہ ای:  
بسم اللہ الرّحمن الرّحیم 
سلام کرنا چاہوں گا ان سبھی کو جو یہ باتیں سن رہے ہیں، حاضرین محترم کو اور محترم ناظم کو بھی۔ ان شاء اللہ آپ سب کامیاب ہوں۔  
انتخابات اپنے آپ میں ملک کے لئے اور عوام کے لئے ایک اساسی اور بہت اہم عمل ہے۔ انتخابات میدان میں عوام کی موجودگی کی علامت اور عوام کے ارادے اور فیصلہ سازی کی علامت ہے۔ لہذا ہر اس انسان کا قومی فریضہ ہے جو چاہتا ہے کہ ملک ت رقی کرے، کام کرے اور بڑے اہداف تک پہنچے، کہ انتخابات میں شریک ہو۔ انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں کوئی فرق نہیں ہے۔ وہی اہمیت جو پہلے مرحلے کی ہے دوسرے مرحلے کی بھی ہے۔  

آپ نے پہلے مرحلے میں کچھ لوگوں کا  انتخاب کیا اور پارلیمنٹ میں بھیجا، لیکن ہنوز ایوان مکمل نہیں ہوا ہے، دوسرے مرحلے میں اسے مکمل کیجئے۔ اگر ہم نے ایک جگہ شرکت کی، مثال کے طور پر تہران میں اور کچھ نمائندوں کا انتخاب کیا، کچھ رہ گئے ہیں اور ہم نے شرکت نہ کی تو گویا ہم نے کام ادھورا چھوڑ دیا۔  

بنابریں دوسرے مرحلے کی اہمیت پہلے مرحلے سے کم نہیں ہے۔  
ان شاء اللہ ہمارے عزیز عوام سب شریک ہوں، ووٹ ڈالیں اور پارلیمنٹ کو مکمل کریں۔ ووٹنگ جتنی زیادہ ہوگی پارلیمنٹ اتنی زیادہ طاقتور ہوگی۔ پارلیمنٹ جتنی طاقتور ہوگی ملک میں کام کے امکانات اتنے زیادہ ہوں گے۔  

ان شاء اللہ کامیاب رہیں، والسلام علیکم و رحمۃ الله و برکاتہ 
خواتین و حضرات خدا حافظ!