منگل کی صبح مصنوعات کی نمائش کا یہ پروگرام دو گھنٹے چلا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے نالج بیسڈ کمپنیوں کے تیس اسٹال دیکھے اور وہاں موجود محققین اور سائنسدانوں سے گفتگو کی اور ایرانی نوجوانوں اور سائنسدانوں کی سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان کی نئی ایجادات، پروجیکٹوں اور ان کے تجارتی پہلوؤں کی اطلاعات حاصل کیں۔

کینسر کا پتہ لگانے والے جدید میڈیکل سسٹم، ہیمو ڈائلیسس، روبوٹک سرجری کے وسائل، تجربہ گاہی وسائل، مقامی طور پر تیار ہونے والے ویکسین اور دوائیں، جیٹ انجن کی ڈیزائننگ اور ساخت، فضائی انجن کی ڈیزائننگ، بجلی گھروں کے کنٹرولنگ سسٹم، تیل اور گیس کے شعبے میں استعمال ہونے والے گوناگوں کیٹیلسٹ، فولاد کے ذخائر اور وسائل کی ساخت، پیشرفتہ لائٹنگ سسٹم، اسکینر سسٹم، پروسیسرز وغیرہ نالج بیسڈ کمپنیوں کی مصنوعات اور سائنسی خدمات تھیں جن کی نمائش کی گئی۔

اس موقع پر سائنس و ٹیکنالوجی کے امور کے نائب صدر جناب سورنا ستاری نے ملکی معیشت کو تیل پر انحصار کی حالت سے نکال کر نالج بیسڈ کمپنیوں پر منحصر معیشت بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں اور پروگراموں کی رپورٹ پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی اجازت کے بعد قومی ترقیاتی فنڈ سے قابل قدر مالی مدد ملک کے علمی شعبے کو ملی ہے اور اس مالی مدد کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے کے مقصد سے سائنسی اور نالج بیسڈ کمپنیوں کے پروجیکٹ کافی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

جناب ستاری کی بریفنگ کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے تیل پر منحصر معیشت اور اس کے ثقافتی عواقب سے باہر نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ آج کی نمائش میں نوجوانوں کی ایک شکایت یہ تھی کہ بعض اوقات ان کے ذریعے تیار کی گئی مصنوعات کو حکومت بیرون ملک سے امپورٹ کرتی ہے جو آئل  بیسڈ اکانومی کے کلچر کا نتیجہ ہے اور اس نقطہ نظر کی اصلاح ضروری ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے نائب صدر سورنا ستاری سے کہا کہ آپ محنتی نوجوانوں کے راستے میں کسی طرح کی بھی رکاوٹ نہ آنے دیجئے، جہاں تک ممکن کو اس سلسلے میں کوشش کیجئے اور جہاں تک مجھ سے ہو سکے گا میں بھی مدد کروں گا۔

اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے تاثرات بھی رقم کئے جو حسب ذیل ہیں؛

بسم الله الرّحمن الرّحیم

ہم نے اس نمائش میں انقلابی جذبے اور ایرانی استعداد کا درخشاں نظارہ دیکھا اور اللہ کا شکر ادا کیا۔ بلند جذبات و توانائیوں کو بروئے کار لانے کا بنیادی کام سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھا جانا چاہئے۔ یہ حکومتی عہدیداران کا سب سے اہم فریضہ ہے۔ اللہ پر توکل کیجئے اور امید و شوق کے ساتھ قدم بڑھائیے، یقینا آپ ملک کی اقتصادی مشکلات کو ختم کرنے میں ان شاء اللہ کامیاب ہوں گے۔

سیّد علی خامنه ‌ای

۱۶ مهر  ۱۳۹۸  (ہجری شمسی مطابق 8 اکتوبر 2019)