اس موقع پر رہر انقلاب اسلامی نے اپنی مختصر گفتگو میں نوجوانوں کی پرجوش اور عقیدت میں ڈوبی ہوئی عزاداری کی تعریف کی اور نوجوانوں سے کہا کہ آپ عزیزوں کی یہ پاکیزگی و نورانیت بڑی گراں قدر ہے اور میں اللہ تعالی سے ہمیشہ یہ دعا کرتا ہوں کہ ہمیں اور آپ کو ہمیشہ صراط مستقیم پر ثابت قدم رکھے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر آپ راہ حق پر ثابت قدم رہے تو ملک اور دنیا کی اصلاح ہو جائے گی اور اس کا فائدہ ساری انسانیت کو ملے گا۔

اس موقع پر خطیب اہل بیت حجت الاسلام سعدی نے تقریر کرتے ہوئے ملت ایران کے جذبہ استقامت و پائيداری کو حسینی استقامت سے ماخوذ قرار دیا اور کہا کہ استعماری طاقتیں اس کوشش میں ہیں کہ اپنی وسیع پروپیگنڈا مشینری کی مدد سے حق و باطل کو خلط ملط کر دیں لیکن جس طرح حضرت امام زین العابدین علیہ السلام اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے کوفہ و شام میں اپنے بصیرت افروز خطبات سے اموی حکومت کو رسوا کیا، اسی طرح آج بھی حق و صداقت کے علمبرداروں کو چاہئے کہ اسلام اور انقلاب کے پیغام کو پوری قوت سے عام کریں اور استعماری طاقتوں کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں۔

عزاداری کے اس پروگرام میں جناب حنیف طاہری اور جناب مطیعی نے زیارت اربعین پڑھی اور امام حسین علیہ السلام کے مصائب بیان کئے۔

آخر میں تمام حاضرین نے رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی۔